شعیب اختر کی وزیراعظم سے ملک بھرمیں کرفیو لگانے کی درخواست

یہ لوگ بات سننے کے لئے تیار نہیں لہذا صرف راشن خریدنے کیلیے ایک گھنٹہ دینے کے بعد کرفیو لگادیں، شعیب اختر


/Mian Asghar Saleemi March 23, 2020
راولپنڈی ایکسپریس کا ایران کیساتھ بارڈر بھی بند کرنے کا بھی مشورہ

LONDON: پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق فاسٹ بولر شعیب اختر نے وزیراعظم عمران خان سے پنجاب کو بھی لاک ڈاﺅن کرنے کی درخواست کر دی۔

سوشل میڈیا پر اپنے ویڈیو پیغام میں راولپنڈی ایکسپریس شعیب اختر نے کہا کہ صفائی نصف ایمان تھا جس کو ہم بھول گئے، کورونا وائرس کے بعد سب کو یاد آ گیا کہ صفائی نصف ایمان ہے، اب صورت حال یہ ہے کہ بڑھتے کیسز کو دیکھتے ہوئے پاکستان کو کورونا وائرس کی کیٹگری ٹو میں ڈال دیا گیا ہے۔

ماضی کے سابق عظیم بولر نے کہا کہ ضروری کام کے لئے باہر گیا تھا، اس دوران میں کسی سے ملا اور نہ ہی کسی سے ہاتھ ملایا ، اس دوران میں نے 4،4 لڑکوں کو موٹر سائیکلوں پر بیٹھے ہوئے دیکھا، شہری پہاڑوں پر جا کر پکنک منا رہے ہیں، ایک دوسرے کے گھروں میں ملنے کے لئے آ رہے ہیں، بھارت میں لوگوں نے خود کی خود ہی گھروں میں بند کر لیا ہے، مجھے سمجھ نہیں آ رہا کہ ہمارے ہاں کیوں لوگ گھروں میں بیٹھنے کو تیار نہیں ہیں، یہ سرا سر قتل عام ہے، آپ نہ صرف اپنی بلکہ دوسروں کی جانوں کے ساتھ بھی کھیل رہے ہو،اگر باہر جانا ضروری ہے تو دو میٹر کا فاصلہ ہی رکھ لو۔

شعیب اختر نے کہا کہ کورونا وائرس ہوا میں رہتا ہے، یہ سوچنا بند کر دیں کہ گرمی پڑے گی تو وائرس بھی ختم ہو جائے گا، ابھی تک تو اس کی ویکسین بھی نہیں نکلی، میری وزیراعظم سے درخواست ہے کہ وہ فوری طو رپر ملک کو لاک ڈاﺅن کر دیں، اٹلی نے لاک ڈاﺅن کرنے میں بڑی دیر کر دی تھی، اب وہاں پر پانچ ہزار سے زائد لوگ مر چکے ہیں، کیسز مزید بڑھتے جا رہے ہیں، وزیراعظم سے کہوں گا کہ لوگ بات سننے کے لئے تیار نہیں، پلیز آپ ملک بھر میں کرفیو لگائیں، شہریوں کو ایک گھنٹہ دیں جس میں شہری جا کر راشن خرید سکیں۔ شعیب اختر نے حکومت کو ایران کے ساتھ بارڈر بھی بند کرنے کا مشورہ دیا ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں