وزیراعظم کا یوٹیلٹی اسٹورز کو مزید ریلیف دینے پرغور

مشیر خزانہ نے تاجر برادری کو دہاڑی دار ملازمین کا خصوصی خیال رکھنے کی ہدایت کی


ویب ڈیسک March 23, 2020
وزیراعظم کی غریبوں کیلیے خوراک کے بندوبست کے حوالے سے مخیر حضرات سے ملاقات

وزیراعظم عمران خان نے غریبوں کے لیے خوراک کے بندوبست کے لیے مخیر حضرات سے ملاقات کی جس میں انتہائی غریب شہریوں کو خوراک کی فراہمی سے متعلق حکمت عملی پر غور کیا گیا۔

وزیراعظم عمران خان نے غریبوں کے لیے خوراک کے بندوبست کے لیے مخیر حضرات سے ملاقات کی جس میں مخیر حضرات اور فلاحی اداروں کے نمائندے شریک ہوئے۔ اس موقع پر وزیرغذائی تحفظ خسرو بختیار، ڈاکٹر ثانیہ نشتر اور وزارت خزانہ کے حکام بھی شریک تھے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہا ملاقات میں انتہائی غریب شہریوں کو خوراک کی فراہمی سے متعلق حکمت عملی پر غور کیا گیا، فلاحی اداروں کو راشن کی خریداری پر بھی ریلیف دیے جانے پر بھی بات چیت کی گئی، بنیادی اشیائے ضروریہ کی خریداری کے لیے یوٹیلٹی سٹورز کو مزید ریلیف دینے پر غور کیا گیا جب کہ کورونا سے متاثرہ علاقوں میں مشترکہ ریلیف آپریشن سے متعلق بھی گفتگو کی گئی۔

دوسری جانب مشیر خزانہ حفیظ شیخ کی زیر صدارت اجلاس ہوا جس میں گورنر سندھ عمران اسماعیل اور کراچی کی تاجر برادی نے ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی، مشیر تجارت، پیٹرولیم اور عشرت حسین بھی اجلاس میں شریک رہے۔

اس موقع پر مشیر خزانہ نے کہا کہ حکومت کو چیلنجنگ صورتحال کا سامنا ہے، کورونا وائرس پر قابو پانا حکومت کی اولین ترجیحات ہیں، صحت کی سہولیات کھانے پینے کی اشیاء کی دستیابی یقینی بنانا ترجیح ہے، مشکل گھڑی میں کاروباری برادری کی مشکلات سے واقف ہیں، حکومت پر بھروسہ کریں، تجاویز پر کام کیا جارہا ہے۔

مشیر خزانہ نے تاجر برادری کو دہاڑی دار ملازمین کا خصوصی خیال رکھنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ مقاصد کے حصول کیلئے آسان اور قابل عمل منصوبہ تیار کریں گے۔

گورنر سندھ عمران اسماعیل نے کہا کہ یوٹیلیٹی اسٹور کی مدد سے فوڈ بیگ تیار کئے گئے ہیں، فوڈ بیگ ضرورت مند افراد میں جلد تقسیم کئے جائیں گے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں