پولیس نے گھروں سے بلاضرورت نکلنے والے نوجوانوں کو مرغا بنا دیا

ڈی آئی جی ساؤتھ نے شہریوں کومرغا بنانے کی وڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے پرایس ایچ او سول لائن کو معطل کر دیا


Staff Reporter March 24, 2020
شہری لاک ڈاؤن کی اہمیت کوسمجھیں،خودگھروں میںرہیںاوراپنے پیاروں کوکوروناوائرس سے محفوظ بنائیں،پولیس۔ فوٹو: ایکسپریس

پولیس نے لاک ڈاؤن کے دوران بلاجوازگھروں سے نکلنے والے نوجوانوں کوسزاکے طور پرمرغا بنادیا۔

پولیس نے مختلف علاقوںمیں لاک ڈاؤن کے دوران غیر سنجیدگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے بلاجواز گھروں سے نکلنے والے نوجوانوںکو سزا کے طور پرمرغا بنا دیا اور اس حوالے سے بنائی جانے والی وڈیوز بھی سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئیں تاہم ایس ایچ او سول لائن صلاح الدی قاضی کو اس طرح کی وڈیو بنانا اس وقت مہنگی پڑ گئی جب ڈی آئی جی ساؤتھ شرجیل کھرل نے پولیس کے اس عمل کو شہریوں کی تضحیک قرار دے کر انھیں معطل کرنے کا حکم نامہ جاری کر دیا۔

انھوں نے پولیس کو ہدایات جاری کی ہیں کہ قانون پر عمل درآمد کو یقینی ضرور بنایا جائے لیکن اس کے ساتھ ساتھ شہریوں سے عزت و احترام کے ساتھ پیش آیا جائے پولیس ایساکوئی عمل نہ کرے جس سے ان کی پیشہ وارانہ صلاحیتوں پر سوال اٹھایا جائے دریں۔

دریں اثنا پولیس نے شاہ فیصل میں بھی منچلے نوجوانوںکو بلا ضرورت گھر سے باہر گھومنے پر پکڑکر سزا کے طور پر مرغا بنا کر اس کی وڈیو سوشل میڈیا پر جاری کردی۔

اس حوالے سے شہریوں کی حفاظت کے لیے خود کو خطرے میں ڈال کر لاک ڈاؤن میں ڈیوٹی دینے والے پولیس افسران کا کہنا تھا کہ ایک جانب کورونار وائرس پوری دنیا میں خوف کی علامت بنا ہوا ہے تو دوسری جانب ایسے بھی لوگ موجود ہیں جو اس مہلک وبا کی تباہی اور موجودہ صورتحال کی سنگینی کو سمجھنے سے قاصر ہیں اور وہ لاک ڈاؤن کو تفریحی سمجھ رہے ہیں جبکہ یہ لگایا ہی ان کی زندگیوں کو محفوظ بنانے کے لیے تاکہ وہ خود اور اپنے اہلخانہ کی زندگی کو بچا سکیں کیونکہ وہ گھر سے باہر گھومنے کے دوران اپنے ساتھ وائرس گھر میں لے جانے اور دیگر اہلخانہ کو متاثر کرنے کا بہت بڑا سبب بن سکتے ہیں لہذا شہری اس لاک ڈاؤن کی اہمیت کو سمجھیں اور اپنے گھروں میں رہے کر خود اور اپنے پیاروں کو محفوظ بنائیں۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں