مشکل وقت میں مدد کرکٹ برادری سامنے آ گئی

بنگلہ دیشی کرکٹرز نے آدھی تنخواہ کورونا وائرس فنڈ میں دیدی


Sports Reporter March 26, 2020
گنگولی نے مفت چاولوں کی تقسیم کے لیے50 لاکھ روپے دے دیے۔ فوٹو: فائل

کرکٹ برادری مشکل وقت میں مدد کیلیے سامنے آ گئی، بنگلہ دیشی کرکٹرز نے آدھی تنخواہ کورونا وائرس فنڈ میں دے دی جب کہ 27 کھلاڑیوں نے 31 لاکھ ٹکا عطیہ کیے۔

کورونا وائرس سے پیدا ہونے والی مشکل صورتحال میں کھلاڑی بھی فلاحی کاموں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لے رہے ہیں، بنگلہ دیش کے سینٹرل کنٹریکٹ یافتہ کرکٹرز سمیت 27 نے مجموعی طور31 لاکھ ٹکا عطیہ کیے جوٹیکس کٹوتی کے بعد 26 لاکھ رہ جائیں گے۔

کرکٹ بورڈ کے ایک عہدیدار نے کہاکہ کورونا وائرس کی روک تھام کے عمل میں لاکھوں افراد کی بے روزگاری سمیت کئی طرح کے مسائل پیش آئیں گے،اس مشن میں ہر شہری کو کردار ادا کرنا چاہیے، بنگلہ دیشی کرکٹرز کورونا وائرس سے بچاؤ کی مہم میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیتے ہوئے سوشل میڈیا پر مسلسل پیغامات بھی جاری کر رہے ہیں۔

دوسری جانب بی سی سی آئی کے صدر اور سابق ٹیسٹ کرکٹر سارو گنگولی نے حفاظتی انتظامات کے تحت اسکولوں میں رکھے جانے والے ہزاروں افراد کو مفت چاول دینے کیلیے 50 لاکھ روپے کی خطیر رقم عطیہ کردی، ویسٹ بنگال کرکٹ ایسوسی ایشن نے 25 لاکھ روپے دیے ہیں۔

سارو گنگولی کا کہنا ہے کہ مشکل کی اس گھڑی میں ضرورت مندوں کا خیال رکھنا ہم سب کا فرض ہے،انھوں نے سوشل میڈیا کا سہارا لیتے ہوئے مخیر حضرات سے عوام کی مدد کیلیے آگے آنے کی اپیل بھی کردی ہے۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔