ملک بھر میں کورونا کے مریضوں کی تعداد 1495 ہوگئی12 جاں بحق
پنجاب میں کورونا وائرس کیسز کی تعداد سندھ سے بھی تجاوز کرکے 490 تک جا پہنچی ہے
کورونا وائرس کے 7 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔ فوٹو : فائل
ملک بھر میں کورونا وائرس کے تصدیق شدہ مریضوں کی تعداد 1495 تک جاپہنچی ہے جب کہ وائرس سے اب تک 12 افراد جاں بحق ہوچکے ہیں۔
کورونا وائرس سے متعلق حکومتی ویب سائٹ کے اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 79 مریضوں میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی جس کے بعد ملک بھر میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد 1495 ہوگئی ہے۔
سرکاری اعداد و شمار کے تحت گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس سے مزید ایک شخص زندگی کی بازی ہار گیا جس کے بعد ملک بھر میں اس وائرس سے جاں بحق افراد کی تعداد 12 ہوگئی ہے جب کہ 7 افراد کی حالت تشویشناک ہے اور 25 صحتیاب ہوچکے ہیں۔
پنجاب میں کیسز کی تعداد سندھ سے بھی تجاوز کرگئی؛
نئے اعداد و شمار کے مطابق پنجاب بھر میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد سندھ سے بھی تجاوز کرکے 557 تک جا پہنچی ہے جب کہ سندھ میں مریضوں کی تعداد 469 ہے، نئے کیسز سامنے آنے کے بعد پنجاب کورونا وائرس سے سب سے زیادہ متاثرہ صوبہ بن گیا ہے۔
اس کے علاوہ دیگر صوبوں بلوچستان میں 133، خیبر پختون خوا میں 188، گلگت بلتستان میں 107 جب کہ اسلام آباد میں 39 اور آزاد کشمیر میں 2 مریض ہیں۔
پنجاب اور خیبرپختون خوا نے ریلیف پیکج کا اعلان کردیا
پنجاب حکومت نے کورونا سے معاشی طور پر متاثرہ 25لاکھ گھرانوں کے لئے 4 ہزار روپے ماہانہ کے پیکج کا اعلان کیا ہے۔وزیراعلی پنجاب عثمان بزدار نے صوبے میں کورونا آرڈیننس کے نفاذ کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ وائرس کے مریضوں کی دیکھ بھال کر نے والے ڈاکٹر اور پیرا میڈیکل اسٹاف کو ایک ماہ کی اضافی تنخواہ دی جائے گی۔ 3100قیدیوں کو 90روز کے لئے رہائی دی جائے گی آج سے کرونا آرڈینینس نافذ کر دیا گیا ہے۔
عثمان بزدار نے صحافیوں کو تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ صوبے میں کورونا وائرس کے باعث معاشی طور پر متاثر ہونے والے 25لاکھ خاندانوں کے لئے 10ارب روپے کی رقم مختص کی جا رہی ہے 18ارب کے صوبا ئی ٹیکس معاف کئے جائیں گے اور کورونا کا علاج کرتے ہوئے جاں بحق ہونے والے ڈاکٹرز اور طبی عملہ کو شہدا پیکج دیا جائے گا۔
وزیراعلی پنجاب نے کہا کہ کورونا وائرس سے پیدا ہونے والے معاشی بحران کے پیش نظر صوبائی 18 ارب روپے کے صوبائی ٹیکسوں کی چھوٹ دی جائے گی۔ صوبے میں کرفیو نہیں لگا دفعہ 144پر موثر عمل درآمد کروائیں گے جیل میں قید معمولی جرائم کے قیدیوں کو 90روز کے لئے رہا ئی دی جائے گے۔
پنجاب کے وزیر خزانہ کا کہنا تھا کہ عبوری امداد کے لئے حکومت آن لائن فارم فراہم کرے گی۔ محکمہ صحت کو فنڈز کی فراہمی اولین ترجیح ہوگی۔
دوسری جانب خیبر پختون خوا حکومت نے بھی کاروباری برادری کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے 11.4 ارب روپے کے معاشی پیکج کا اعلان کیا ہے۔صوبائی وزیر اطلاعات اجمل وزیر نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے بتایا کہ پیکج سے 19 لاکھ مستحق خاندانوں کو فائدہ ہوگا جب کہ بزنس کمیونٹی کو 5 ارب روپے کے ٹیکسوں کی چھوٹ دی جائے گی۔ صوبے میں غذا کی قلت نہیں، منافع خوروں اور ذخیرہ اندوزوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔
ان کا کہنا تھا کہ 500 تشخیصی کٹس فراہم کرکرکے صوبے کی تشخیصی استعداد میں اضافہ کیا گیا ہے اور اسے مزید بڑھایا جاے گا۔
خیبر پختون خوا میں پہلا پولیس آفیسر کورونا وائرس کا شکار
خیبر پختون خوا میں پہلا پولیس آفیسر کرونا کا شکار ہوگیا، مردان میں کورونا سے متاثرہ یونین کونسل منگا کے قرنطینہ سینٹر کے سکیورٹی انچارج ایس پی آپریشن میں کرونا وائرس کی تصدیق ہوگئی۔
پشاور کی خیبر میڈیکل یونیورسٹی میں 2 روز قبل مردان میں کورونا سے متاثرہ یونین کونسل منگا کے قرنطینہ سینٹر کے سکیورٹی انچارج ایس پی آپریشن کی رپورٹ بھجوائی گئی تھی۔
رپورٹ مثبت آنے پر ان میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوگئی جس پر ان کے گھر کو 14 روز کے قرنطینہ میں بدل دیا گیا ہے، مردان میں کورونا وائرس سے متاثرہ علاقے منگا میں سیکیورٹی پر معمور ایس پی آپریشن وقار عظیم کھرل میں کورونا وائرس کی تصدیق ہونے پر دیگر پولیس افسران اور جوانوں کے کورونا ٹیسٹ کروانے کا فیصلہ کر لیا گیا۔
سندھ میں لاک ڈاؤن مزید سخت؛
کورونا وائرس کے باعث سندھ حکومت نے لاک ڈاؤن میں مزید سختی کا فیصلہ کیا ہے اور وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے صبح 8 سے شام 5 بجے تک صوبے بھر میں دکانیں بند کرانے کی ہدایت کردی ہے تاہم صرف میڈیکل اسٹور24 گھنٹے کھلے رہیں گے۔
وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے آئی جی پولیس کو صوبے میں لاک ڈاؤن کو مزید سخت کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ لوگ ابھی تک شہر میں گھوم رہے ہیں، لوگوں کا تعاون عوام کی صحت کا ضامن ہے، اس لئے عوام لاک ڈاؤن اور حکومت کے فیصلوں کا احترام کریں۔
سندھ میں سزا یافتہ قیدیوں کی عارضی رہائی کا فیصلہ
صوبے کے جیلوں میں کورونا وائرس کے انسداد کے لیے محکمہ داخلہ نے سزا یافتہ قیدیوں کی رہائی کی قانونی تجاویز وزیراعلی سندھ کو ارسال کی تھیں جنھیں منظور کرلیا گیا ہے۔
ارسال کردہ تجاویز میں ضابطہ فوج داری کی مختلف دفعات کے تحت قیدیوں کو عارضی طور پر رہا کیا جائے گا۔ فیصلے کا اطلاق منشیات ،نیب اور دیگر معمولی جرائم میں ملوث سزا یافتہ قیدیوں پر ہوگا اور قیدیوں کو ضمانتی بانڈز پر رہا کیا جائے گا۔ سزا یافتہ قیدیوں کو 4 مہینے کے لئے عارضی طور پر رہا کیا جائے گا۔ صوبائی کابینہ سے منظور کے بعد فیصلے پر عمل درآمد شروع ہوگا۔
ملکی و غیر ملکی پروازیں معطل، سرحدیں بھی بند کردی گئیں
اسلام آباد میں صحافیوں کو قومی رابطہ کمیٹی کے فیصلوں سے آگاہ کرتے ہوئے وزیر اعظم کے مشیر قومی سلامتی معید یوسف کا کہنا تھا کہ 29مارچ سے چار اپریل تک باہر جانے والی پروازوں پر بھی ممانعت اورایئرتریفک کو بند رکھا ہےجائے گا۔
انہوں نے بتایا کہ رابطہ کمیٹی نے مشرقی اور مغربی سرحد مزید دو ہفتے بند رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔ بھارت،ایران اور افغانستان کے ساتھ سرحد بند رہے گی اور اس پابندی کا اطلاق کرتار پور راہداری پر بھی ہوگا۔ اسلام آبادسےگلگت اوراسکردوکےعلاوہ اندرن ملک پروازیں بھی معطل رہیں گی۔ تھائی لینڈ میں پھنسے پاکستان آج رات پاکستان پہنچ جائیں گے۔
بنکاک میں پھنسے پاکستانیوں کی وطن واپسی
تھائی لینڈکےبنکاک ایئرپورٹ پرپھنسے175پاکستانی خصوصی پروازپراسلام آبادپہنچ گئے۔ حکومت کی خصوصی اجاز ت کےبعدپاکستانیوں کووطن لایاگیا۔اسلام آبادایئرپورٹ پرپہنچنےوالوں میں خواتین، بچوں اوربزرگوں کی بڑی تعداد شامل ہے۔ طبی عملے نے تمام مسافروں کی مکمل اسکریننگ کی۔ اسلام آبادایئرپورٹ پہنچنےوالےپاکستانی 21 مارچ سےبنکاک ایئرپورٹ پرپھنسےہوئے تھے۔
وزیراعظم کورونا ٹیسٹ؛
گزشتہ روز لندن کے ایک نیوز چینل نے وزیراعظم عمران خان کے کورونا ٹیسٹ مثبت آنے کی خبر نشر کی تھی تاہم سینیٹر فیصل جاوید نے وزیراعظم کا کورونا کووڈ 19 کا ٹیسٹ مثبت آنے کی غیر ملکی ٹی وی چینل کی خبر تردید کردی ہے۔
مستحق افراد کی دہلیز تک راشن کی فراہمی آئندہ ہفتے شروع ہوگی
ترجمان یوٹیلٹی اسٹورز کارپوریشن نے کہا ہے کہ وزیراعظم کے احکامات کے مطابق غریب مزدوروں، قلی اوریومیہ اجرت پر کام کرنے والوں کے گھر کی دہلیز پرراشن مہیا کیا جائے گا۔
ترجمان نے کہا ہے کہ آئندہ ہفتے کے اندر ان احکامات پر پر با قاعدہ عمل درآمد ہوگا۔ وزیراعظم کے اعلان کردہ ریلیف پیکج کے تحت غریب مزدوروں اور دیہاڑی داروں کوراشن کی فراہمی پر کام جاری ہے۔
ذرائع کے مطابق پروگرام کے لیے یوٹیلیٹی سٹورز کی انتظامیہ نے معلومات جمع کرنا شروع کردی ہیں۔ جس کے بعد ہر شہر کے مستحق افراد کو ان کا قریبی یوٹیلیٹی سٹورراشن گھر پر پہنچائے گا۔ موبائل سے یوٹیلیٹی سٹورکے قائم کردہ نمبر پر شناختی کارڈنمبر اور گھر کے افراد کی تعداد بھیجنے کے بعدراشن فراہم کیا جائے گا۔
آزاد کشمیر میں بھی مساجد میں نماز ادا کرنے پر پابندی؛
آزاد کشمیر میں بھی کورونا وائرس کے پیش نظر مساجد میں نماز ادا کرنے پر پابندی عائد کردی گئی ہے، ڈپٹی کمشنر بدرمنیر کا کہنا ہے کہ مساجد میں موذن امام اور خادم با جماعت نماز ادا کریں گے جب کہ آزاد کشمیر علماء کرام محکمہ صحت عامہ کی مشاورت سے فیصلہ کیا گیا۔
لیاقت نیشنل اسپتال کے ڈاکٹر میں بھی کورونا وائرس کی تصدیق؛
کراچی میں لیاقت نیشنل اسپتال کے ایک ڈاکٹر میں بھی کورونا وائرس کی تصدیق ہوگئی ہے، اسپتال ترجمان کے مطابق ایک ریڈیولوجسٹ کورونا وائرس سے متاثر ہوا ہے، متاثرہ ڈاکٹر رائے ونڈ تبلیغی اجتماع سے واپس آئے تھے، واپس آنے پر ٹیسٹ کروایا جس کے نتائج مثبت آئے۔
اسپتال ترجمان کا کہنا ہے کہ متاثرہ ڈاکٹر کو چھٹیاں دے دی گئی ہیں جب کہ ڈیپارٹمنٹ میں کام کرنے والے دیگر عملے کو بھی چھٹیاں دے دی گئیں ہیں،تمام افراد نے گھروں میں خود کو سیلف کورنٹائین کرلیا ہے، علامات ظاہر ہونے پر ٹیسٹ کروانے کی ہدایت بھی کی گئی ہے۔
پولیس کا ڈاکٹرز کو گارڈ آف آنر کے ذریعے خراج تحسین
کوئٹہ کے شیخ زید اسپتال اور فاطمہ جناح ٹی بی سینی ٹوریم میں کورونا وائرس کے مریضوں کو علاج کرنے والے ڈاکٹروں اور پیرامیڈیکل اسٹاف کو پولیس اسکوارڈ نے گارڈ آف انر پیش کیا۔
شیخ زید اسپتال کے ڈاکٹرز اور عملے کو فرنٹ لائن پر مریضوں کا علاج کرنے پر سلامی دی گئی۔ اس موقع پر ڈاکٹر کے ساتھ ساتھ دیگر عملے کو بھی خدمات پر خراج تحسین پیش کیا گیا۔
ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکس اسٹاف نے پولیس کے اس اقدام کو سراہتے ہوئے کہا کہ ہم سب کو ملکر کرونا سے ڈرنا نہیں بلکہ اس سے لڑنا ہے۔
کورونا وائرس سے خاتون کے انتقال پر لوئر دیر میں گاؤں سیل؛
کورونا وائرس کے باعث خاتون کے انتقال کرجانے پر لوئر دیر میں زیارت تالاش کا علاقہ مکمل طور پر سیل کردیا گیا ہے، ڈپٹی کمشنر لوئر دیر کا کہنا ہے کہ 25 مارچ کو مریضہ کا اسپتال کے آئی سی یو میں انتقال ہوا، جاں بحق خاتون 15 مارچ کو عمرہ کرکے لاہور سے لوئر دیر آئی تھی۔
ڈپٹی کمشنر کے مطابق وفات پانے والی خاتون کے رشتہ داروں کے بھی ٹیسٹ کیے جائیں گے جب کہ کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے علاقے میں مساجد سے اعلانات بھی کیے جارہے ہیں۔
اسکواش لیجنڈ کورونا وائرس سے انتقال کرگئے
اسکواش لیجنڈ کافی عرصے سے بیمار تھے۔ ان کے بیٹے واصل خان نے تصدیق کی ہے کہ ان کے والدمیں کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی تھی جس کے بعد اہل خانہ نے خود کو قرنطینہ کرلیا ہے۔
اعظم خان کی عمر95 برس تھی۔ انہوں نے 1959 سے 1962 تک مسلسل برٹش اوپن ٹائٹل جیت کر پاکستان کا نام روش کیا۔وہ ہاشم خان کے چھوٹے بھائی تھے۔ اسکواش فیملی نے اعظم خان کی وفات پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوے ان کی مغفرت کی دعا کی ہے۔
کورونا وائرس اور کچھ احتیاطی تدابیر
کورونا وائرس کے خلاف یہ احتیاطی تدابیر اختیار کرنے سے اس وبا کے خلاف جنگ جیتنا آسان ہوسکتا ہے۔ صبح کا کچھ وقت دھوپ میں گزارنا چاہیے، کمروں کو بند کرکے نہ بیٹھیں بلکہ دروازہ کھڑکیاں کھول دیں اور ہلکی دھوپ کو کمروں میں آنے دیجئے۔ بند کمروں میں اے سی چلاکر بیٹھنے کے بجائے پنکھے کی ہوا میں بیٹھیں ۔ سورج کی شعاعوں میں موجود یو وی شعاعیں وائرس کی بیرونی ساخت پر اُبھری ہوئی پروٹین کو متاثر کرتی ہیں اور وائرس کو کمزور کردیتی ہیں ۔ درجہ حرارت یا گرمی کے زیادہ ہونے سے وائرس پر کوئی اثر نہیں ہوتا لیکن یو وی شعاعوں کے زیادہ پڑنے سے وائرس کمزور ہوجاتا ہے۔
پانی گرم کرکے تھرماس میں رکھ لیں اور ہر ایک گھنٹے بعد آدھا کپ نیم گرم پانی نوش کریں ۔ وائرس سب سے پہلے گلے میں انفیکشن کرتا ہے اور وہاں سے پھیپھڑوں تک پہنچ جاتا ہے ۔ گرم پانی کے استعمال سے وائرس گلے سے معدے میں چلا جاتا ہے، جہاں وائرس ناکارہ ہوجاتا ہے۔ اس طرح دن میں ایک مرتبہ گرم بھاپ لینے سے سانس کی نالی اور سائینس کی بھی صفائی ہوجاتی ہے ۔
اس وائرس کے خلاف جنگ میں طاقتور دفاعی نظام بنیادی اہمیت رکھتا ہے۔ اس کے لیے آٹھ گھنٹے کی نیند بہت ضروری ہے کیونکہ اس دوران دفاعی نظام اندرونی ٹوٹ پھوٹ کی مرمت کرتا ہے اور دفاع کو مضبوظ بناتا ہے ۔ اس کے علاوہ معیاری اور متوازن غذا کی بھی بہت اہمیت ہے ۔
اس مسئلے کی سنجیدگی کو سمجھنا اور عملی اقدامات کرنا ہر فرد کی بنیادی ذمہ داری ہے ۔ حکومتی اقدامات کا احترام کرنا اور احتیاطی تدابیر کو مکمل اختیار کرنا نہ صرف ایک انسانی اور قومی فریضہ ہے بلکہ اپنے پیاروں کی محبت کا تقاضہ بھی یہی ہے۔ خود کو اور اپنے گھر والوں کو گھروں تک محدود رکھنا انتہائی ضروری قدم ہے ۔ انتہائی ضروری حالات میں ہی گھر سے باہر نکلنا چاہیے ۔ کرونا سے متوقع انسانی جانوں کا نقصان کو کم سے کم کرنے کے لیے اس وقت سب سے زیادہ ضروری امر فرد کا محتاط اور ذمہ دارانہ برتاو ہے۔ جو قو میں مشکل حالات میں صبر کے ساتھ تنظیم اور اتحاد کا مظاہرہ کرتی ہیں وہی کامیابی سے اپنا توازن برقرار رکھ پاتی ہیں۔