کورونا وائرس نوجوان ہنگامی حالات میں مدد کے لئے تیار رہیں وزیراعظم

پاکستان کو افراتفری کی صورت حال سے بچانے کے لئے پیشگی اقدامات ضروری ہیں، عمران خان


ویب ڈیسک March 28, 2020
پاکستان کو افراتفری کی صورت حال سے بچانے کے لئے پیشگی اقدامات ضروری ہیں، عمران خان

وزیراعظم عمران خان نے ملک کے نوجوانوں سے کہا ہے کہ کورونا وائرس کی صورتحال میں نوجوان ہنگامی حالات میں مدد کے لئے تیار رہیں۔

وزیراعظم عمران خان نے معاون خصوصی برائے امور نوجوان عثمان ڈار سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کو افراتفری کی صورت حال سے بچانے کے لئے پیشگی اقدامات ضروری ہیں، نوجوان ہنگامی حالات میں مدد کے لئے تیار رہیں۔

عمران خان نے کہا کہ امید ہے نوجوان قومی فریضہ سمجھتے ہوئے اپنا بہترین کردار ادا کریں گے، چین میں بھی لاک ڈاوٴن کے دوران نوجوانوں نے ہی ذمہ داری سے فوڈ سپلائی بحال رکھی تھی۔

معاون خصوصی برائے امور نوجوان عثمان ڈار پرائم منسٹر کورونا ریلیف ٹائیگر فورس کی تشکیل کے لیے متحرک ہوگئے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: وزیراعظم کا کورونا کے خلاف فنڈ قائم کرنے اور ٹائیگر فورس بنانے کا اعلان

عثمان ڈار نے کہا ہے کہ پاکستانی نوجوانوں نے سیلاب اور زلزلے کے دوران بہترین جذبے کا مظاہرہ کیا، امید ہے ضرورت پڑنے پر کورونا کے خلاف جنگ میں بھی اہم کردار ادا کریں گے، نوجوانوں کو سیاسی وابستگی سے بالاتر ہو کر ٹیم میں شامل کیا جائیگا۔

عثمان ڈار کا کہنا تھا کہ رضا کار فورس قرنطینہ میں رکھے گئے افراد کی پہرا داری کا کام بھی کرے گی، نوجوان رضاکار ذخیرہ اندوزی کی نشاندہی کر سکیں گے اور ہنگامی حالات میں گھروں تک راشن سپلائی اور فوڈ چین بحال رکھیں گے، 31 مارچ سے 10 اپریل تک ملک بھر سے رضاکاروں کی رجسٹریشن سیٹیزن پورٹل پر ہو گی۔

واضح رہے کہ وزیراعظم عمران خان نے کورونا وائرس کے خلاف فنڈ قائم کرنے اور نوجوانوں پر مشتمل ٹائیگر فورس بنانے کا اعلان کیا ہے جو گھر گھر جا کر کھانا فراہم کرے گی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں