بھارتی ریاست راجستھان کی اسمبلی کے 199 حلقوں پر انتخابات کے لئے پولنگ ختم ہوگئی۔
بھارتی میڈیا کے مطابق ریاست کی اسمبلی کی 200 میں سے 199 نشستوں پر2ہزار سے زائد امیدوار مد مقابل ہیں، ریاست میں مجموعی طور پر 4 کروڑ 8 لاکھ رجسٹرڈ ووٹرز ہیں جن کے لیے ریاست بھر میں 47ہزار سے زائد پولنگ اسٹیشنز قائم کئے گئے جہاں مقامی وقت کے مطابق صبح 8 بجے شروع ہوئی اور بغیر کسی وقفے کے شام 5 بجے تک جاری رہی۔ ریاستی الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ پولنگ کے دوران کسی بھی قسم کا کوئی ناخشگوار واقعہ پیش نہیں آیا جب کہ مجموعی ووٹنگ ٹرن آؤٹ 74.83 فیصد رہا۔
بھارتی مبصرین کا کہنا ہے کہ ریاست میں حکمران جماعت کانگریس کی جانب سے کئے گئے اقدامات کی وجہ سے غالب امکان یہی ہے کہ اس بار بھی کانگریس کا ہی پلڑا بھاری رہے گا تاہم بی جے پی کی جانب سے بھی کافی موثر انداز میں انتخابی مہم چلائی گئی ہے جو اس بات کی نشاندہی ئکررہی ہے کہ اس م،رتبہ کانگریس کی فتح آسان نہیں ہوگی۔
واضح رہے کہ راجستھان کے بعد 4 دسمبر کو دہلی میں ریاستی انتخابات ہورہے ہیں جس کے بعد آئندہ برس پارلیمانی انتخابات کا انعقاد ہوگا جس کی وجہ سے ریاستی انتخابات کو کافی اہمیت حاصل ہوگئی ہے۔