عابد علی کامیابیوں کا سفر جاری رکھنے کیلیے پْر امید

اوپنر نے آسٹریلیا کیخلاف ون ڈے ڈیبیو پر سنچری کی یادیں تازہ کرلیں


Abbas Raza March 30, 2020
اوپنر نے آسٹریلیا کیخلاف ون ڈے ڈیبیو پر سنچری کی یادیں تازہ کرلیں۔ فوٹو: فائل

عابد علی انٹرنیشنل کرکٹ میں کامیابیوں کا سفر جاری رکھنے کیلیے پْر امید ہیں،کورونا کی وجہ سے گھر تک محدود اوپنر نے آسٹریلیا کیخلاف ون ڈے ڈیبیو پر سنچری کی یادیں تازہ کرلیں۔

عابد علی نے 29 مارچ 2019 کو آسٹریلیا کیخلاف ون ڈے میچ میں انٹرنیشنل ڈیبیو کرتے ہوئے سنچری بنانے کا اعزاز حاصل کیا تھا، انھوں نے بعد ازاں دسمبر میں سری لنکا کیخلاف ٹیسٹ ڈیبیو کو بھی یادگار بناتے ہوئے تھری فیگر اننگز کھیلی، یوں اوپنر ون ڈے اور طویل فارمیٹ کی اولین اننگز میں سنچری بنانے والے دنیا کے واحد بیٹسمین بن گئے۔

نمائندہ ''ایکسپریس'' سے خصوصی گفتگو میں انھوں نے کہا کہ ون ڈے ڈیبیو کی سالگرہ پر آسٹریلیا کیخلاف سنچری کی یادیں تازہ ہوگئی ہیں، اس کے بعد ٹیسٹ کرکٹ میں بھی اللہ نے عزت دی،اس سفر میں ساتھ دینے والے منتظمین، کوچز، ساتھی کھلاڑیوں اور بھرپور سپورٹ کرنے والے پرستاروں کا شکریہ ادا کرتا ہوں، مستقبل میں بھی عمدہ کارکردگی دکھانے کیلیے پْرعزم ہوں،جس فارمیٹ میں بھی موقع ملا اپنا انتخاب درست ثابت کرنے کی کوشش کروں گا۔

ایک سوال پر انھوں نے کہا کہ ملک میں سری لنکا اور بنگلہ دیشی ٹیم کی آمد کے بعد پی ایس ایل کی رونقیں دیکھ کر بڑی خوشی ہوئی، کورونا وائرس کی وجہ سے لیگ مکمل نہ ہونے پر افسوس بھی ہوا لیکن عوام کی صحت و سلامتی سب سے اہم ہے، پوری امید ہے کہ پاکستانی قوم اس موذی وائرس کیخلاف جنگ میں سرخرو ہوگی، میں بھی حکومتی ہدایات پر عمل کرتے ہوئے اپنے گھر تک محدود اور ٹریننگ جاری رکھے ہوئے ہوں۔

انھوں نے کہا کہ میری عوام سے اپیل ہے کہ کسی اشد ضرورت کے بغیر باہر نہ نکلیں، سماجی فاصلہ برقرار رکھیں، ہاتھ بار بار دھوئیں، گھروں میں صفائی ستھرائی کا خاص خیال رکھیں،ہم سب مل کر اس مشن میں کامیاب ہوں گے،میں پْرامید ہوں کہ حالات معمول پر آئیں گے اور ایک بار پھر میدانوں کی رونقیں بحال ہوں گی۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں