ڈرون حملوں اور نیٹو سپلائی کی بندش کے لئے تحریک انصاف اور اس کی اتحادی جماعتوں کی جانب سے 9ویں روز بھی دھرنوں کا سلسلہ جاری ہے۔
پشاور میں پاکستان تحریک انصاف، جماعت اسلامی اور عوامی جمہوری اتحاد کے کارکنوں نے 9ویں روز بھی حیات آباد ٹول پلازہ اور موٹر وے ٹول پلازہ پر احتجاجی کیمپ لگا رکھا ہے۔ دھرنے کے شرکا خیبر ایجنسی سے آنے والی مال بردار گاڑیوں کے کاغذات کی جانچ پڑتال کررہے ہیں اسی دوران مظاہرین نے ایک مبینہ نیٹو کنٹینر واپس بھجوا دیا تاہم افغان رانزٹ ٹریڈ کے تحت جانے والے کنٹینرز اور دیگر گاڑیوں کی آمد و رفت بدستور جاری ہے۔ دھرنے میں شریک افراد کی سیکیورٹی کے لئے خصوصی انتظامات کئے گئے ہیں۔
دوسری جانب ڈیرہ اسماعیل خان ، بنوں، کوہاٹ اور دیر میں بھی تحریک انصاف اور جماعت اسلامی کے کارکنوں نے نیٹو سپلائی اور ڈرون حملوں کی بندش کے خلاف احتجاجی دھرنے دیئے ہیں۔