بیگم نسیم ولی کی پارٹی میں کوئی جگہ نہیں ہمارے قائد اسفندیار ولی ہیں اے این پی رہنما

بحیثیت خان ولی خان کی بیوہ بیگم نسیم ولی کا احترام کرتے ہیں تاہم ہم اسفندیار ولی کو اپنا لیڈر مانتے ہیں، حاجی عدیل


ویب ڈیسک December 01, 2013
بیگم نسیم ولی خان کا اسفندیار ولی خان سے اختلاف سیاسی نہیں گھریلو ہے جسے سیاسی رنگ دیا جا رہا ہے، حاجی عدیل .فوٹو: فائل

عوامی نیشنل پارٹی کے رہنما حاجی عدیل اور میاں افتخار احمد کا کہنا ہے کہ بیگم نسیم ولی خان ان کے لئے قابل عزت ہیں لیکن اب پارٹی میں ان کی کوئی جگہ نہیں اور اسفندیار ولی خان ہی ان کے قائد ہیں۔

پشاور میں مشترکہ پریس کانفرنس کے دوران حاجی عدیل کا کہنا تھا کہ بیگم نسیم ولی خان کا اسفندیار ولی خان سے اختلاف سیاسی نہیں گھریلو ہے جسے سیاسی رنگ دیا جا رہا ہے، بحیثیت خان ولی خان کی بیوہ بیگم نسیم ولی کا ہم احترام کرتے ہیں تاہم ہم اسفندیار ولی خان کو اپنا لیڈر مانتے ہیں، عوامی نیشنل پارٹی کے خلاف سازش میں اعظم ہوتی اور ان کی بہن بیگم نسیم ولی خان دونوں شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عوامی نیشنل پارٹی کی تنظیم سازی کی جارہی ہے اور اب تک 10 لاکھ سے زائد فارم تقسیم ہوچکے ہیں۔

اس موقع پر میاں افتخار حسین کا کہنا تھا کہ اعظم خان ہوتی کی جانب سےاسفند یار ولی خان سے پارٹی سے علیحدہ ہونے کا مطالبہ سیاسی نہیں گھریلو ہے، اعظم ہوتی کی جانب سے گھریلو اختلاف کو سیاسی رنگ دینے کی کوشش کی جا رہی ہے، ان کے بیٹے حیدرہوتی اے این پی کے فعال رکن اسمبلی ہیں اور اسفند یار ولی کو سیاسی قائد مانتے ہیں۔ بیگم نسیم ولی نے ازخود اے این پی کو خیر باد کہا اور پارٹی چھوڑی، اب ان کی جانب سے جرگہ بلانے کا اعلان پارٹی کے ضوابط کی خلاف ورزی ہے۔

سابق صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ اسفند یار ولی پر لگائے جانے والے بیانات بے بنیاد ہیں۔ اے این پی میں رکنیت سازی اور پارٹی الیکشن کا طریقہ باچا خان اور ولی خان کے طرز پر ہی ہے، کارکن پارٹی اصولوں پرکاربند رہتے ہوئے ممبر سازی مہم کو جاری رکھیں اور پارٹی قوانین پر عمل پیرا رہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں