وزیراعظم انتخابات میں عوام سے کئے گئے اپنے وعدے بھول گئے ہیں رہنما دفاع پاکستان کونسل

نوازشریف اور ان کے وزرابھی وہی باتیں کررہے ہیں جو ہم پچھلے 12 برس سے سنتے آرہے ہیں،مولانا سمیع الحق


ویب ڈیسک December 01, 2013
پاکستان کے لوگوں نے وزیر اعظم نوازشریف کو پاکستان کے تحفظ کے لئےمینڈیٹ دیا پاکستانی قوم کو نواز شریف کا حالیہ دورہ افغانستان پسند نہیں آیا، حافظ سعید ۔ فوٹو: ایکسپریس نیوز

دفاع پاکستان کونسل کے رہنماؤں کا کہنا ہے کہ پاکستان کے لوگوں نے وزیر اعظم نوازشریف کو پاکستان کے تحفظ کے لئےمینڈیٹ دیا لیکن موجودہ حکومت عوام سے کئے گئے اپنے وعدے بھول چکی ہے۔

لاہور میں ڈرون حملوں کے خلاف ریلی کے بعد دفاع پاکستان کونسل کے سربراہ مولانا سمیع الحق نے جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مسلمانوں کے خلاف تمام قوتیں اکٹھے ہوگئیں ہیں، صرف امت مسلمہ کے خلاف اپنے عزائم کی تکمیل کے لئے امریکا نے روس سے اختلافات ختم کردیئے۔ ہم نے تمام سیاسی، مذہبی اور دینی جماعتوں سے ایک پلیٹ فارم پر اکٹھے ہونے کی اپیل کی ہے کیونکہ وحدت کفر کا مقابلہ وحدت اسلام سے ہوگا، ہم نے موجودہ قیادت سے امیدیں باندھی جنہوں نے ڈرون حملوں کی بندش اور امریکا کی غلامی سے چھٹکارے اور طالبان سے مزاکرات کے وعدے کئے، ہم نے 3 ماہ تک اپنے وعدوں کی تکمیل کا انتظار کیا لیکن وہ بھی دباؤ میں آگئے ہیں، ان کے وزیر اطلاعات وہیں باتیں کررہے ہیں جو ہم 12 سال سے سن رہے ہیں۔ ہمیں افسوس ہے کہ موجودہ حکومت وعدے بھول چکی ہے۔ انہوں نے کہا کپ حکمران غیر ملکی دباؤ سے باہر نکل آئیں۔

جماعۃ الدعوہ کے سربراہ حافظ سعید نے کہا کہ پاکستانی قوم کو تقسیم کرنے کی کوشش کی جارہی ہے، لوگوں کے دلوں میں نفرتوں کے بیج بوئے جارہےہیں، یہ سیاست کانہیں پاکستان کےدفاع کاوقت ہے اگر ہم متحد ہوجائیں تو امریکا کبھی بھی ڈرون حملہ نہیں کرسکتا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے لوگوں نے وزیر اعظم نوازشریف کو پاکستان کے تحفظ کے لئےمینڈیٹ دیا پاکستانی قوم کو نواز شریف کا حالیہ دورہ افغانستان پسند نہیں آیا۔

اس سے قبل دفاع پاکستان کونسل کی جانب سے ڈرون حملوں کیے خلاف ریلی کا انعقاد کیا گیا جو نیلے گنبد سے شروع ہوئی۔ ریلی کے شرکا نے ڈرون حملوں کے خلاف نعروں پر مبنی بینرز اور پمفلٹ اٹھارکھے تھے۔ ریلی مختلف راستوں سے ہوتی ہوئی مسجد شہداء پر اختتام پزیر جہاں دفاع پاکستان کونسل کے قائدین نے خطاب کیا ۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔