وزیرخارجہ کا سعودی ہم منصب کو فون سعودی عرب پر میزائل حملوں کی شدید مذمت

وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی کی سعودی شہزادہ فیصل بن فرحان السعود سے قرضوں کی ری اسٹرکچرنگ پر بھی بات چیت


ویب ڈیسک April 01, 2020
وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی کی سعودی شہزادہ فیصل بن فرحان السعود سے قرضوں کی ری اسٹرکچرنگ پر بھی بات چیت

وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے سعودی وزیرخارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان السعود کو فون کرکے قرضوں کی ری اسٹرکچرنگ پر بات چیت کی ہے۔

وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے سعودی عرب کے وزیرخارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان السعود کو ٹیلیفونک کیا اور کوروناوائرس کے پھیلاؤ کوروکنے اورعالمی چیلنج سے نمٹنے کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔ بات چیت میں قرضوں کی ری اسٹرکچرنگ کی تجویز سمیت ترقی پذیر ممالک کی معاشی معاونت کو بھی زیر غور لایا گیا۔

وزیر خارجہ شاہ محمود نے کورونا وبا کے باعث سعودی شہریوں کے جانی نقصان پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے سعودی عرب کی طرف سے کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے اقدامات کی تعریف کی۔

شاہ محمود نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان نے ترقی پذیر ممالک کے قرضوں کو ری اسٹرکچر کرنے کی تجویز دی ہے، کیونکہ پاکستان جیسے کم وسائل کے حامل ترقی پذیرممالک کو شدید معاشی مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

وزیر خارجہ نے سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض اور جیزان شہر پر میزائل حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کسی بھی جارحیت کے خلاف سعودی عرب کی مکمل حمایت اور معاونت کے عزم کا اعادہ کیا۔

شہزادہ فیصل بن فرحان نے میزائل حملوں کے خلاف اصولی موقف اپنانے پر شاہ محمود کا شکریہ ادا کیا۔ دونوں وزرائے خارجہ نے مشاورتی سلسلے کو جاری رکھنے کا فیصلہ کیا۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز یمن کے حوثی باغیوں نے سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض اور دیگر شہروں پر بیلسٹک میزائل حملے کیے تھے جنہیں سعودی فوج نے میزائل دفاعی نظام سے ناکام بنادیا۔ سعودی حکام کے مطابق ان میزائل حملوں میں 2 عام شہری معمولی زخمی ہوئے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں