پاکستان نے مقبوضہ کشمیر میں آبادی کا تناسب تبدیل کرنے کے بھارتی اقدام مسترد کردیے

مقبوضہ کشمیر میں بھارتی ریاستی دہشت گردی کو بے نقاب اور اجاگر کرتے رہیں گے، ترجمان دفتر خارجہ


ویب ڈیسک April 02, 2020
بھارت کشمیریوں کو غلام بنانے کے مذموم عزائم میں ہمیشہ ناکام ہی رہے گا، ترجمان دفتر خارجہ فوٹو: فائل

پاکستان نے مقبوضہ جموں وکشمیر میں آبادی کا تناسب تبدیل کرنے کی غیرقانونی بھارتی کوششوں کی شدید مذمت کی ہے اور بھارتی اقدام کو مسترد کر دیا ہے۔

دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ پاکستان مقبوضہ جموں وکشمیر میں آبادی کا تناسب تبدیل کرنے کی بھارتی حکومت کی تازہ ترین غیرقانونی کوششوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے انہیں مسترد کرتا ہے۔ "جموں وکشمیر تشکیل نو آرڈر2020"ایک اور غیرقانونی بھارتی اقدام ہے جس کا مقصد بھارت کے زیرقبضہ جموں وکشمیر کے ڈومیسائل قوانین کو تبدیل کرنا ہے۔ یہ بین الاقوامی قانون اور چوتھے جینیوا کنونشن کی صریحا خلاف ورزی ہے۔تازہ ترین بھارتی قدام بھی 5 اگست 2019 کے بھارت کے غیرقانونی اور ایک طرفہ اقدامات کا ہی تسلسل ہے جو اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں، پاکستان اور بھارت کے درمیان دوطرفہ معاہدات اور انسانی اقدار کی کھلی خلاف ورزی ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں رہنے والے کشمیریوں نے اس نئے قانون کو "ناقابل قبول" قرار دیتے ہوئے کُلّی طورپر مسترد کردیا ہے۔ بلاشبہ کشمیری ایسے کسی بھی جبروتسلط کو قبول نہیں کریں گے جو ان کے بنیادی حقوق کو غصب کرے یا آبادی کے تناسب کو تبدیل کرے یا ان کی شناخت ان سے چھین لے۔ بھارت کے تازہ اقدامات ایک ایسے موقع پر کئے گئے ہیں جب دنیا کورونا وائرس کی عالمی وباء کے بحران سے لڑنے میں مصروف عمل ہے، اس دوران بھارت کا یہ اقدام انتہائی قابل مذمت ہے۔ بھارت صورتحال کا ناجائز فائدہ اٹھانے کی بدطینتی دکھارہا ہے جو بی جے پی کے مذموم"ہندتوا" ایجنڈے کو آگے بڑھانے کے خطرناک عزائم کا حصہ ہے۔ پاکستان بھارت کے زیرقبضہ جموں وکشمیر میں آبادی کا تناسب تبدیل کرنے کے بی جے پی حکومت کے خطرناک عزائم سے عالمی برادری کو مسلسل آگاہ کرتا آیاہے ۔ان بھارتی اقدامات کا مقصد کشمیری عوام کی امنگوں اورخواہشات کے خلاف متنازعہ خطے میں بھارتی غیرقانونی تسلط اور قبضہ برقرار رکھنا ہے۔ اقوام متحدہ اور بین الاقوامی برادری بھارتی اقدام کا فوری نوٹس لے اور مقبوضہ متنازعہ علاقے میں آبادی کاتناسب تبدیل کرنے سے بھارت کو روکے اور بھارت کی طرف سے عالمی قانون کی مسلسل خلاف ورزیوں پر اسے کٹہرے میں کھڑا کرے۔

ترجمان کا کہنا تھا کہ پاکستان مقبوضہ کشمیر میں بھارتی ریاستی دہشت گردی کو بے نقاب اور اجاگر کرتا رہے گا اور کشمیریوں کے استصواب رائے کا بنیادی حق انہیں دینے سے انکار کی ہٹ دھرمی دنیا کے سامنے لاتا رہے گا۔ بھارت خواہ کوئی بھی ہتھکنڈہ یا حربہ کیوں نہ اختیار کرلے وہ کشمیریوں کے عزم وہمت اور استقلال کو متزلزل نہیں کرسکتا۔ کشمیریوں کی خواہشات کو کچلنے اور انہیں غلام بنانے کے مذموم عزائم میں بھارت ہمیشہ ناکام ونامراد ہی رہے گا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں

رائے

شیطان کے ایجنٹ

Nov 24, 2024 01:21 AM |

انسانی چہرہ

Nov 24, 2024 01:12 AM |