
تفصیلات کے مطابق پاکستان کیلیے سب سے زیادہ مستقل مزاجی سے رنز بنانے والے بابر اعظم نے گذشتہ سال انگلینڈ سے تعلق رکھنے والے 5 سالہ آسکر سے ملاقات کی تھی، ننھے مداح کا ایک خط سوشل میڈیا پر صارفین کی توجہ کا مرکز بنا اور وہ بابر اعظم کی انسان دوستی کے معترف ہوگئے، انگلش کاؤنٹی سمرسٹ کے اکاؤنٹ سے آسکر کے ہاتھ سے لکھا گیا ایک مضمون شیئر کیا گیا جس میں ان کی وہ تصویر بھی چسپاں تھی جس میں بابر اعظم نے اسے گود میں اٹھایا ہوا ہے۔
آسکر نے معصومانہ الفاظ میں اپنے مضمون میں لکھاکہ بابر اعظم میرے پسندیدہ کرکٹر ہیں، ان کا تعلق پاکستان سے ہے اور وہ 25 سال کے ہیں، گذشتہ سال پاؤں کا آپریشن کرانے کے بعد میں نے اپنے پسندیدہ کھلاڑی سے ملاقات کی تھی، بابر اعظم انتہائی ملنساری سے ملے، ننھے مداح نے لکھا کہ بابر اعظم ٹی ٹوئنٹی کے بہترین کھلاڑی ہیں کیونکہ وہ بہت اچھے شاٹس کھیلتے ہیں۔ بابر اعظم نے اس پیغام کا جواب دیتے ہوئے آسکر کا شکریہ ادا کیا اور لکھا کہ راک اسٹار میں بھی آپ سے ملنے کا منتظر ہوں۔
انھوں نے نوعمر مداح کو یہ مشورہ بھی دیا کہ وہ دل لگا کر پڑھائی کرے، آئی سی سی نے بھی دونوں ٹوئٹس شیئر کرتے ہوئے بابر اعظم کے رویے کو سراہا۔یاد رہے کہ اسٹار بیٹسمینکا رواں سال بھی سمرسٹ سے معاہدہ ہے، حالات بہتر ہونے پر پاکستان ٹیم کا دورۂ انگلینڈ ممکن ہوا تو اس سے قبل انھیں کاؤنٹی کی جانب سے ٹی ٹوئنٹی اور 4 روزہ میچز بھی کھیلنا ہیں۔
تبصرے
ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔