گندم چینی بحران رپورٹ وزیراعظم اور وزیراعلی پنجاب کے خلاف فرد جرم ہےشہبازشریف

دیکھتے ہیں وزیراعظم اپنے اور وزیراعلی بزدار کے خلاف کیا سزا مقرر کرتے ہیں، صدر (ن) لیگ


ویب ڈیسک April 05, 2020
دیکھتے ہیں وزیراعظم اپنے اور وزیراعلی بزدار کے خلاف کیا سزا مقرر کرتے ہیں، صدر (ن) لیگ فوٹو: فائل

قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہبازشریف نے گندم چینی بحران کی رپورٹ کو وزیراعظم عمران خان اور وزیراعلی پنجاب عثمان بزدار کے خلاف فرد جرم قرار دے دیا۔

پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف نے گندم چینی بحران سے متعلق ایف آئی اے رپورٹ پر کارروائی کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ میں عوام کے ساتھ مل کر کورونا وائرس کے خلاف جنگ کرنے کے لئے لندن سے آیا تھا، میں یہ سوچ کر وطن واپس آیا تھا کہ سیاست اور ذاتی پسند و ناپسند سے بالاتر ہوکر قوم کی خدمت کرنی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: چینی بحران کی رپورٹ وزیراعظم کو پیش، جہانگیر ترین کے ملوث ہونے کا انکشاف

شہباز شریف نے کہا کہ ایف آئی اے رپورٹ سنگین انکشاف ہے جس کی روشنی میں بحران میں ملوث افراد کے خلاف کارروائی ہونی چاہئے، یہ رپورٹ وزیراعظم عمران خان اور وزیراعلی پنجاب عثمان بزدار کے خلاف فرد جرم ہے۔

شہباز شریف نے مزید کہا دیکھتے ہیں کہ وزیراعظم جو اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) کے چیئرمین ہیں، اپنے اور وزیراعلی بزدار کے خلاف اس بڑے پیمانے پر ہونے والی کرپشن اور اقربا پروری پر کیا سزا مقرر کرتے ہیں۔

امیر جماعت اسلامی سراج الحق

امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ آٹے اور چینی کے بحران کی رپورٹ عوام کے سامنے لانا خوش آئند ہے، ہم پہلے ہی کہتے تھے کہ بحران پیدا کرنے والوں کو وزیر اعظم اپنے دائیں بائیں تلاش کریں، اب حکومت کا فرض ہے کہ بلا امتیاز احتساب کرے اور عوام کو دونوں ہاتھوں سے لوٹنے والوں کو کٹہرے میں لائے کیوں کہ حقیقی احتساب کے بغیر لوٹ کھسوٹ کے بازارکا لاک ڈائون نہیں ہوسکتا۔

رہنما پیپلزپارٹی مولابخش چانڈیو

پیپلزپارٹی کے رہنما مولابخش چانڈیو نے ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ چینی اورآٹا اسکینڈل میں ملوث بے نقاب ہوچکے، اب کس بات کا انتظار ہے، کیا آصف زرداری اور نوازشریف کی گرفتاری کے وقت فرانزک رپورٹ کا انتظار کیا گیا تھا؟ فرانزک رپورٹ کی آڑمیں عمران خان کے پیاروں کو بچا لیا جائےگا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں