کراچی کے 3 اسپتالوں میں 193 بستروں کا آئیسولیشن وارڈ قائم

کراچی کے 6 اسپتالوں میں 104 بستروں پر مشتمل آئی سی یو قائم کرنے کی ہدایت


ویب ڈیسک April 06, 2020
ہمیں اپنے ڈاکٹروں اور دیگر عملے کا بھی خیال رکھنا ہے،وزیراعلیٰ سندھ فوٹو: فائل

وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی ہدایت پر شہر کے 3 سرکاری اسپتالوں میں 193 بستروں کا آئیسولیشن وارڈ قائم کردیا گیا ہے۔

وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی زیر صدارت صحت سے متعلق اجلاس ہوا جس میں وزیر صحت، چیف سیکریٹری، پرنسپل سیکریٹری، سیکریٹری انویسٹمنٹ، ایڈیشنل سیکریٹری صحت اور دیگر شریک ہوئے۔ وزیراعلیٰ سندھ نے کراچی کے 6 اسپتالوں میں 104 بستروں پر مشتمل آئی سی یو قائم کرنے کی ہدایت کی جس کے تحت سول اسپتال میں 12، جناح اسپتال میں 15، لیاری جنرل اسپتال میں 18، ٹراما سینٹر میں 26، ڈاؤ اوجھا میں 8 اور سروسز اسپتال میں 25 بستروں پر مشتمل آئی سی یو قائم کیا جائے گا۔

اجلاس میں شہر کے 3 اسپتالوں میں 193 بستروں کا آئیسولیشن وارڈ قائم کرنے کا فیصلہ کیا گیا جس کے تحت سول اسپتال میں 59، جناح اسپتال میں 65 اور لیاری جنرل اسپتال میں 69 بستروں پر مشتمل آئیسولیشن وارڈ قائم کیا جائے گا، وزیر اعلیٰ سندھ نے ہدایت کی کہ کورونا کے مریضوں کو ان تینوں اسپتال منتقل کرنا شروع کردیا جائے، اس کے علاوہ وزیراعلیٰ سندھ نے 1200 بستروں پر مشتمل ایکسپو سینٹر میں بھی مریضوں کو منتقل کرنے کی ہدایت دے دی۔

وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ اللہ تعالیٰ کا کرم ہے کہ ہم تیاری کے حساب سے بہتر جارہے ہیں، ہم نے اپنے آئی سی یو وارڈز کی تیاری کی ہے تاکہ بروقت ضرورت کوئی پریشانی نہ ہو، ہمیں اپنے ڈاکٹروں اور دیگر عملے کا بھی خیال رکھنا ہے، ایکسپو سینٹر کے قریب اگر ہوٹل ہے تو ایک ماہ کی بکنگ کرکے ڈاکٹرز کے لئے رہائش کا بندوبست کیا جائے، ہر ڈاکٹر کو الگ کمرہ فراہم کیا جائے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں