کورونا وائرس لاک ڈاؤن کے دوران شادی کی تقریب دلہا اور دلہن گرفتار

نوبیاہتا جوڑے کو اپنی شادی کی پہلی رات تھانے میں گزارنا ہوگی


ویب ڈیسک April 06, 2020
پولیس نے نوبیاہتا جوڑے کے علاوہ پادری اور 40 مہمانوں کو بھی حراست میں لے لیا، فوٹو : فائل

جنوبی افریقا میں کورونا وائرس لاک ڈاؤن کی خلاف ورزی پر پولیس نے شادی کی تقریب میں چھاپہ مار کر دلہا، دلہن، باراتیوں، میزبانوں اور پادری کو حراست میں لے لیا۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق جنوبی افریقا میں کورونا وائرس وبا کے پیش نظر ملک بھر میں لاک ڈاؤن ہے اور تمام سماجی تقاریب پر بھی پابندی ہے جس کی خلاف ورزی ایک نوبیاہتا جوڑے کو بڑی قیمت چکانی پڑی۔

جنوبی افریقا کے صوبے کوازولو ناتال میں شادی کی تقریب جاری تھی اور 40 مہمانوں کے درمیان دلہا دلہن نئی زندگی کے خواب آنکھوں میں سجائے ایک دوسرے سے عہد و پیماں کررہے تھے کہ پولیس نے چھاپہ مار دیا۔



پولیس نے لاک ڈاؤن کی خلاف ورزی کرنے پر نہ صرف تمام مہمانوں اور رسم کی ادائیگی کرانے والے پادری کو حراست میں لے لیا بلکہ دلہا اور دلہن کو بھی گرفتار کرکے تھانے لے گئے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ گرفتار شدگان کو کل عدالت میں پیش کیا جائے گا اس طرح دلہا دلہن کو اپنی شادی کی پہلی رات جیل میں کاٹنا ہوگی۔ سوشل میڈیا پر پولیس کی کارروائی کی ویڈیو وائرل ہوگئی جس میں جوڑتے کو پولیس وین میں بٹھاتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔

 

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔