ڈاکٹرز اور طبی عملے کو حفاظتی سامان فراہم کرنا اولین ترجیح ہے وزیراعظم

تعمیراتی شعبے کی بحالی کے ثمرات نچلے طبقے خصوصا مزدوروں تک پہنچانے کو یقینی بنایا جائے، وزیراعظم


ویب ڈیسک April 06, 2020
کورونا جیسی وبا کے خلاف ڈاکٹر اور میڈیکل اسٹاف ہمارا ہراول دستہ ہے، عمران خان (فوٹو: فائل)

وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ ڈاکٹرز اور طبی عملے کو ہرحال میں حفاظتی سامان فراہم کرنا حکومت کی ترجیح ہے، اس ضمن میں ہر ممکن اقدامات کیے جائیں گے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت ملک میں کورونا وائرس کی صورتحال کے حوالے سے جائزہ اجلاس منعقد ہوا، جس میں وفاقی وزراء اسد عمر، خسرو بختیار، حماد اظہر، مشیر خزانہ حفیظ شیخ، معاونین خصوصی فردوس عاشق، ڈاکٹر ظفر مرزا ، ڈاکٹر معید یوسف، چیئرمین این ڈی ایم اے لیفٹننٹ جنرل محمد افضال اور سینئر افسران شریک ہوئے۔

چیئرمین این ڈی ایم اے اور معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا نے کورونا وائرس کی تازہ ترین صورتحال اور متاثرین کی نگہداشت کے حوالے سے انتظامات پر بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ اس وقت ملک بھر میں 136 اسپتالوں میں 3300 وینٹی لیٹرز دستیاب ہیں، اسپتالوں میں ڈاکٹرز اور طبی عملے کے لیے حفاظتی کٹس کی بروقت فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے این ڈی ایم اے نے اسپتالوں کی انتظامیہ سے براہ راست رابطہ کر لیا ہے، 49 ہزار 500 حفاظتی کٹس پہلے ہی تمام صوبوں کے مختلف اسپتالوں میں فراہم کی جا چکی ہیں اور مزید کٹس کی اسپتالوں کو فراہمی آئندہ ایک دو روز میں مکمل کر لی جائے گی۔

چیئرمین این ڈی ایم اے نے بتایا کہ این ڈی ایم اے کے پاس حفاظتی کٹس اور ماسکس کی کوئی کمی نہیں، ہمارا ہدف مطلوبہ تعداد میں وینٹی لیٹرز کی دستیابی کو یقینی بنانا ہے جس کے لیے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات جاری ہیں، ملک میں روزانہ کی بنیاد پر کورونا ٹیسٹ کی استعداد میں اضافہ کرنے پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے اور اس سلسلے میں ترجیحی بنیادوں پر اقدامات کیے جا رہے ہیں، تکنیکی عملے کی دستیابی اور ان کی تربیت کے حوالے سے بھی خصوصی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ کورونا جیسی وبا کے خلاف ڈاکٹر اور میڈیکل اسٹاف ہمارا ہراول دستہ ہے، ڈاکٹرز اور طبی عملے کو ہر حال میں اور ترجیحی بنیادوں پر ان کی ضروریات کے مطابق حفاظتی سامان فراہم کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے، اس ضمن میں ہر ممکن اقدامات کیے جائیں گے۔

اجلاس میں کورونا وائرس کی صورتحال کے تناظر میں ملک میں معاشی سرگرمیوں کو رواں رکھنے پر بات چیت ہوئی اور وزیر برائے منصوبہ بندی اسد عمر نے ترقیاتی منصوبوں اور معاشی سرگرمیوں کی روانی کے حوالے سے اقدامات پر بریفنگ دی۔

عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے حوالے سے تعمیراتی شعبے کے لیے اعلان کردہ جامع پیکیج پر بات کرتے ہوئے وزیراعظم کا کہنا تھا کہ اس شعبے کی بحالی کے ثمرات نچلے طبقے خصوصا مزدوروں تک پہنچانے کو یقینی بنایا جائے، پبلک سیکٹر ڈویلپمنٹ پروگرام کے فنڈز کا استعمال ان منصوبوں پر کیا جائے جن سے چھوٹے درجے اور درمیانے درجے کی صنعتیں وابستہ ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں