گھریلو جھگڑے میں بیوی نے شوہر کی انگلیاں توڑ دیں قید اور جرمانہ

عدالت نے آئے دن جھگڑا کرنے والے جوڑے کو پندرہ پندرہ سو درہم جرمانہ اور ایک ایک ماہ قید کی سزا سنائی


ویب ڈیسک April 06, 2020
عدالت نے آئے دن جھگڑا کرنے والے جوڑے کو ایک ماہ قید اور جرمانے کی سزا سنائی، فوٹو : فائل

متحدہ عرب امارات میں معمولی گھریلو جھگڑے کے دوران بیوی نے شوہر کی انگلیاں توڑ دیں جس پر عدالت نے دونوں کو پندرہ پندرہ سو درہم جرمانہ اور ایک ایک ماہ کی سزا سنائی ہے۔

عرب میڈیا کے مطابق متحدہ عرب امارات کی ریاست الفجیرہ میں میاں بیوی کے درمیان معمولی سے بات پر جھگڑا ہوگیا، دونوں نے ایک دوسرے کو زدوکوب کیا اور مارا پیٹا۔ اس دوران بیوی نے خود کو کمرے میں بند کرلیا۔ شوہر نے دروازہ توڑنے کی کوشش کی جس پر مشتعل بیوی نے اچانک دروازہ کھول کر شوہر کی انگلیاں پھنسا دی۔

دروازے میں ہاتھ آنے سے شوہر کی انگلیوں کی ہڈیاں ٹوٹ گئیں اور ایمرجنسی میں اسپتال جانا پڑا اس دوران بیوی تھانے پہنچ گئی اور شوہر کیخلاف مقدمہ درج کرانے کی درخواست کی جس پر پولیس نے بتایا کہ آپ کے شوہر نے پہلے ہی آپ پر مقدمہ کر رکھا ہے۔

پولیس نے دونوں کو گرفتار کرکے فیملی کورٹ میں پیش کیا جہاں عدالت نے فریقین کا موقف سن کر بیوی اور شوہر دونوں کو ایک ایک ماہ کے لیے جیل بھیج دیا جب کہ جوڑے کو پندرہ پندرہ سو جرمانہ بھی ادا کرنا ہوگا۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔