کراچی میں ایک ہی خاندان کے 11 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق

متاثرہ خاندان میں عباسی شہید اسپتال کی ایک خاتون ڈاکٹر بھی شامل، ڈاکٹر کے سوا تمام افراد کا گھر میں قرنطینہ قائم


Staff Reporter April 06, 2020
تمام افراد کا تعلق نارتھ ناظم آباد سے، خاتون ڈاکٹر کے ساتھ کام کرنے والے عملے کی اسکریننگ کرائی جائے گی، سینئر ڈائریکٹر میڈیکل ہیلتھ سروسز (فوٹو : انٹرنیٹ)

کراچی کے ضلع وسطی کے ایک ہی خاندان کے 11 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوگئی، متاثرہ خاندان میں عباسی شہید اسپتال کی ایک خاتون ڈاکٹر بھی شامل ہیں، متاثرہ افراد کو گھر میں قرنطین کردیا گیا۔

ایکسپریس کے مطابق سینئر میڈیکل ڈائریکٹر ہیلتھ سروسز بلدیہ عظمی کراچی ڈاکٹر سلمی کوثر نے عباسی شہید اسپتال کی خاتون ڈاکٹر اور ان کے خاندان کے دیگر افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق کی ہے، تمام افراد کا تعلق نارتھ ناظم آباد سے ہے، عباسی شہید اسپتال سے تعلق رکھنے والی ایک خاتون ڈاکٹر بھی متاثرہ خاندان کا حصہ ہیں۔

ڈاکٹر سلمی کوثر کے مطابق عباسی شہید اسپتال کے ساتھ احاطے میں فلٹر کلینک بنایا گیا ہے جہاں متاثرہ خاتون ڈیوٹی سرانجام دے رہی تھیں، فلٹر کلینک میں کام کرنے والے دیگر عملے کی بھی اسکریننگ کرائی جائے گی۔

انہوں نے بتایا کہ متاثرہ خاتون ڈاکٹر سرکاری اسپتال کے آئسولیشن وارڈ میں زیر علاج ہیں جبکہ خاندان کے دیگر متاثرہ افراد کو معائنے کے بعد گھر میں قرنطین میں رکھا گیا ہے، تمام افراد رابطے کے ذریعے متاثر ہوئے، ڈاکٹر سلمی کوثر کے مطابق تمام کیسز 14مارچ سے 27 مارچ کے دوران سامنے آِئے۔

سینئر میڈیکل ڈائریکٹر ہیلتھ سروسز نے مزید بتایا کہ عباسی شہید اسپتال کو تاحال ایمرجنسی فنڈ فراہم نہیں کیا گیا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔