سیاسی قائدین کی سی پی این ای کے نومنتخب صدر اور دیگر عہدیداروں کو مبارکبادیں

سی پی این ای نے ملک میں آزاد صحافت کیلیے طویل جدوجہد میں لازوال قربانیاں دی ہیں، جماعت اسلامی


Numainda Express/staff Reporter December 02, 2013
سی پی این ای نے ملک میں آزاد صحافت کیلیے طویل جدوجہد میں لازوال قربانیاں دی ہیں، جماعت اسلامی فوٹو: فائل

پیپلزپارٹی کے سرپرست اعلیٰ بلاول بھٹو زرداری، وزیراعلیٰ سندھ قائم علی شاہ، وزیر اطلاعات و بلدیات شرجیل انعام میمن، متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین، مسلم لیگ (ق) کے صدر شجاعت حسین، سنیئر رہنما اور سابق وزیراعظم چوہدری پرویز الٰہی نے اخباری مدیروں کی تنظیم سی پی این ای کے انتخابات میں مجیب الرحمن شامی کو صدر اور ڈاکٹر عبدالجبار خٹک کو جنرل سیکریٹری منتخب ہونے پر دلی مبارکباد پیش کی ہے۔

ایک بیان میں بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ آج کل الیکٹرونک میڈیا اطلاعات کا اہم ترین ذریعہ ہے، اس کے باوجود پرنٹ میڈیا کی اپنی افادیت برقرار ہے،سی پی این ای کیلیے پیپلز پارٹی کی جانب سے مکمل تعاون جاری رہے گا۔ شجاعت حسین، پرویزالٰہی اور مونس الٰہی نے تہنیتی بیان میں امید ظاہر کی کہ مجیب الرحمن شامی اور جبار خٹک جیسے سینیئر، نڈر اور محب وطن صحافیوں کی قیادت میں یہ تنظیم قائداعظمؒ اور علامہ اقبالؒ کی سوچ آگے بڑھانے اور غربت و جہالت کے خاتمے کے علاوہ پاکستان کی سلامتی اور یکجہتی کے تحفظ کی سوچ کو فروغ دے گی اور معاشرے کے مختلف طبقوں کی رہنمائی کرے گی۔ جماعت اسلامی سندھ کے امیر ڈاکٹر معراج الہدیٰ صدیقی، ملی یکجہتی کونسل سندھ کے صدر اسد اللہ بھٹو، ممتاز حسین سہتو اور سیکریٹری اطلاعات مجاہد چنا نے سی پی این ای کے صدر مجیب الرحمن شامی، جنرل سیکریٹری ڈاکٹر جبار خٹک، سنیئر نائب صدر الیاس شاکر سمیت دیگر منتخب عہدیداروں کو مبارکباد دیتے ہوئے امید ظاہرکی کہ وہ قلم کی حرمت کی حفاظت، ملک میں صحافت کی آزادی اور صحافی برادری کے حقوق کیلیے اپنا بھرپورکردار ادا کریں گے۔

جماعت اسلامی کے سیکریٹری جنرل لیاقت بلوچ ، ڈپٹی سیکریٹری جنرل ڈاکٹر فرید احمد پراچہ، سیکریٹری اطلاعات محمد انور نیازی اور ڈپٹی سیکریٹری اطلاعات قیصر شریف نے ممتاز صحافی مجیب الرحمن شامی کو سی پی این ای کا صدر، جبار خٹک کو سیکریٹری جنرل، الیاس شاکر کو سنیئر نائب صدر، شاہین قریشی، اویس خوشنود، طاہر فاروق، ایاز خان اور صدیق بلوچ کو نائب صدور منتخب ہونے پر مبارکباد دیتے ہوئے اپنے تہنیتی پیغام میں کہا کہ سی پی این ای نے ملک میں آزاد صحافت کیلیے طویل جدوجہد میں لازوال قربانیاں دی ہیں۔ ہم امید کرتے ہیں کہ نومنتخب عہدیدار صحافت کی اعلیٰ اقدار کی ترویج اور صحافتی کارکنوں کو درپیش مسائل کے حل کیلئے کلیدی کردار ادا کریں گے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں