کراچی کے تاجروں کا 15 اپریل سے دکانیں کھولنے کا اعلان

حکومت نے ہمیں روکا تو وزیراعلی ہاؤس کا گھیراؤ کریں گے، آل سٹی تاجر اتحاد


ویب ڈیسک April 07, 2020
حکومت نے ہمیں روکا تو وزیراعلی ہاؤس کا گھیراؤ کریں گے، آل سٹی تاجر اتحاد

کراچی کے تاجروں نے 15 اپریل بدھ سے دکانیں کھولنے کا اعلان کردیا۔

آل سٹی تاجر اتحاد نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ 15 اپریل کو دکانیں کھول دیں گے، حکومت 15 اپریل کے بعد لاک ڈاؤن کا دورانیہ مزید نہ بڑھائے، اگر حکومت نے ہمیں روکا تو ہم وزیراعلی ہاؤس کا گھیراؤ کریں گے۔

آل سٹی تاجر اتحاد کے رہنماؤں نے کہا کہ تاجر اور مزدور طبقہ کاروبار کی مزید بندش کا متحمل نہیں ہوسکتا، حفاظتی اقدامات اختیار کرتے ہوئے تجارتی مراکز اور بازار کھولنے کی اجازت دی جائے۔

تاجروں نے کورونا وائرس کی روک تھام کے لیے اپنی مدد آپ کے تحت حفاظتی اقدامات شروع کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے کہا کہ بازاروں میں سینیٹائزر واک تھرو گیٹ نصب کیے جائیں گے۔

لاک ڈاؤن بڑھانے کی تجویز

دوسری طرف وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ سے نجی اسپتالوں کے مالکان اور سی ای اوز نے ملاقات کی۔ وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا کہ مجھے اس جنگ میں آپ سب ماہرین کی رہنمائی اور مدد چاہیئے۔

ترجمان وزیراعلیٰ سندھ کے مطابق تمام نجی اسپتالوں کے مالکان اور معروف ڈاکٹرز نے وزیراعلیٰ سندھ کو لاک ڈاؤن مزید بڑھانے کی تجویز دیتے ہوئے کہا کہ لاک ڈاؤن بڑھایا نہ گیا تو کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد میں تیزی سے اضافہ ہوگا اور سندھ سمیت ملک کا صحت کیئر نظام بیٹھ جائے گا۔

وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ اسپتال مالکان اور ڈاکٹرز کی تجویز پر مشاورت کرینگے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں