کورونا وائرس ووہان میں 76 دن بعد لاک ڈاؤن ختم

لاک ڈاؤن کے بعد ریلوے اسٹیشن، بس اڈوں اور ہوائی اڈوں پر دوسرے شہروں کو جانے والے لوگوں کا ہجوم دیکھنے میں آرہا ہے


ویب ڈیسک April 08, 2020
صرف ان ہی لوگوں کو ووہان سے نکلنے کی اجازت ہے جن کے اسمارٹ فون کی ہیلتھ مانیٹرنگ ایپ میں ’’سبز‘‘ کیو آر کوڈ موجود ہے۔ (فوٹو: انٹرنیٹ)

چینی شہر ووہان میں 76 دن بعد لاک ڈاؤن ختم کردیا گیا ہے اور لوگوں کو دوسرے شہروں میں جانے کی اجازت دی گئی ہے۔ تاہم صرف ان ہی شہریوں کو ووہان شہر سے نکلنے کی اجازت دی جائے گی جن کے اسمارٹ فون کی ہیلتھ مانیٹرنگ ایپ میں ''سبز'' کیو آر کوڈ موجود ہوگا۔

واضح رہے کہ ناول کورونا وائرس ''کووِڈ 19'' کی وبا 2019 کے اختتامی دنوں میں چینی صوبہ حوبے کے شہر ووہان سے شروع ہوئی جو آج ایک عالمی وبا میں تبدیل ہوچکی ہے اور جس سے دنیا بھر میں متاثر ہونے والوں کی تعداد پندرہ لاکھ کے قریب پہنچ چکی ہے۔

چین نے فوری حفاظتی تدابیر اختیار کرتے ہوئے 23 جنوری سے ووہان میں مکمل لاک ڈاؤن/ قرنطینہ کردیا جس کے تحت نہ تو وہاں کے رہنے والوں کو شہر چھوڑنے کی اجازت تھی اور نہ ہی کسی دوسرے شہر کا باشندہ وہاں داخل ہوسکتا تھا۔ البتہ صرف طبّی عملے اور سرکاری ذمہ داران کو وہاں فرائض کی انجام دہی کےلیے آنے کی اجازت دی گئی تھی۔

خبروں کے مطابق، ووہان میں گزشتہ روز کورونا وائرس سے کوئی موت رپورٹ نہیں ہوئی جبکہ لاک ڈاؤن ختم ہونے کے بعد ریلوے اسٹیشن، بس اڈوں اور ہوائی اڈوں پر دوسرے شہروں کو جانے والے لوگوں کا ہجوم دیکھنے میں آیا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں