عمران خان کی تاریخ اُن کے ہاتھ اور دوسروں کی جیب سے بھری ہے ترجمان ن لیگ

عمران خان خود احتسابی کی بات تب کریں جب خود کو اور بزدار صاحب کو قانون کے حوالے کریں، مریم اورنگزیب


ویب ڈیسک April 08, 2020
عمران خان نے اپنے عمل سے ثابت کیا کہ وہ قانون سے بالاتر ہیں، ترجمان (ن) لیگ فوٹو: فائل

مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ عمران خان کی تاریخ اُن کے ہاتھ دوسروں کی جیب سے بھری پڑی ہے۔

معاون خصوصی فردوس عاشق اعوان کی جانب سے خود احتسابی سے متعلق دیئے گئے بیان پر مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ خود احتسابی اسے کہتے ہیں کہ نوازشریف، شہبازشریف اور مسلم لیگ (ن) نے جھوٹے الزامات کے باوجود خود کو قانون کے حوالے کیا، کال کوٹھری اور سزائے موت کی بیرکوں میں رہ کر جھوٹے الزامات کا جواب دیا، اپنے بجائے اپنے اے ٹی ایم کو قانون کے حوالے کرنے سے خود احتسابی نہیں خود غرضی کہتے ہیں۔

مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ آٹے اور چینی چوری کے تمام فیصلوں پر عمران خان اور عثمان بزدارکے دستخط ہیں، روشن مثال قائم کرنی ہے تو عمران خان استعفی دیں اور احتساب کے کٹہرے میں کھڑے ہوں، عمران خان خود احتسابی کی بات تب کریں جب خود کو اور بزدار صاحب کو قانون کے حوالے کریں، وہ بھی گرفتار ہوں اور سزائے موت کی کوٹھریوں میں رہ کر اپنے فیصلوں کا جواب دیں۔

ترجمان (ن) لیگ نے کہا کہ عمران خان کی تاریخ اُن کے ہاتھ دوسروں کی جیب سے بھری پڑی ہے، عمران خان نے اپنے عمل سے ثابت کیا کہ وہ قانون سے بالاتر ہیں، جب شوگر مل والے گھر بنا کر دیں ، گاڑی خرید کر دیں ، پارٹی اور دھرنے کا خرچہ چلائیں تو اپنی شوگر مل لگانے کی کیا ضرورت؟ عمران خان کا مقصد عوام کے مفاد کا تحفظ ہوتا تو قلت ہوتے ہوئے چینی اور آٹے کی برآمد اور عوام کو مہنگا آٹا اور چینی فروخت کرنے کے فیصلے پر دستخط نہ کرتے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں