25 اپریل تک کورونا اور چینی بحران پر رپورٹ کا فیصلہ ہوجائے گا شیخ رشید

آٹا چینی کی رپورٹ اور فرانزک کو ایک ساتھ آنا چاہیے تھا، وزیر ریلوے


ویب ڈیسک April 08, 2020
14اپریل کو لاک ڈاؤن ختم ہونے کے امکانات کم ہیں،شیخ رشید فوٹو: فائل

وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ 25 اپریل تک کورونا اور آٹا چینی بحران پر حکومتی رپورٹ کا فیصلہ ہو جائے گا۔

اسلام آباد میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے شیخ رشید احمد نے کہا کہ 14 اپریل کو لاک ڈاؤن ختم ہونے کے امکانات کم ہیں،لاک ڈاؤن ختم ہوتے ہی 20 سے 22 ٹرینیں فی الفور چلائی جائیں گی، محکمہ ریلوے کو ہر ماہ ایک ارب روپے کا نقصان ہو رہا ہے، کورونا وائرس سے بچاوَ کے لیے اقدامات کررہے ہیں، ریلوے کے تمام اسٹیشنز پر قرنطینہ گیٹ بنائے ہیں، کورونا وائرس سامنے آنے پر مغل پورہ ورکشاپ کو 12 اپریل تک بند کردیا ہے، کیرج فیکٹری سے 50 سال سے زائد عمر کے افراد کو چھٹی دے دی ہے تاہم ریلوے ملازمین کی تنخواہوں پر کوئی فرق نہیں پڑے گا۔ ریلوے کے قلی بھی حکومت سے بارہ ہزار روپے لے سکیں گے۔ مال بردار گاڑیاں باقاعدگی سے چل رہی ہیں، فریٹ ٹرین پر لوگوں کے چڑھنے کے واقعات کا نوٹس لے لیا ہے، بغیر ٹکٹ سفر کرنے والوں کے خلاف کارروائی ہوگی۔

شیخ رشید نے کہا کہ جہانگیر ترین تحریک انصاف کی اہم شخصیت ہیں، ان کا انتخابات اور پارٹی کے تنظیمی معاملات میں بڑا عمل دخل ہے، میرا خیال ہے کہ عمران خان اور جہانگیر ترین کے درمیان فاصلے نہیں بڑھیں گے۔ تھوڑی سی اونچ نیچ ہوئی ہے، میرا نہیں خیال کہ کسی کو نکالا گیا ہے صرف ایڈجسٹ کیا گیا ہے، عمران خان کپتان ہیں انہوں نے صرف فیلڈنگ بدلی ہے، جہانگیر ترین کو مشورہ ہے وہ پی ٹی آئی سے وابستہ رہیں، اس حمام میں سارے ننگے ہیں، بچوں کی بات کرنے والوں نے اربوں روپے سبسڈی لی جن کا انہیں حساب دینا ہوگا۔ آٹا چینی کی رپورٹ اور فرانزک کو ایک ساتھ آنا چاہیے تھا،اس وقت میڈیا کورونا کو بھول کر چینی آٹے بحران کی رپورٹ پر لگ گیا ہے۔ 25 اپریل تک کورونا اور حکومتی رپورٹ کا فیصلہ ہو جائے گا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں