افغانستان میں طالبان اور دیہاتیوں میں جھڑپ 17 ہلاکتیں

جھڑپ میں 2 دیہاتی بھی مارے گئے جب کہ 22 طالبان جنگجو اور 5 دیہاتی زخمی ہوئے


ویب ڈیسک April 08, 2020
جھڑپ میں 22 طالبان اور 5 دیہاتی زخمی بھی ہوئے، فوٹو : فائل

افغانستان میں طالبان اور دیہاتیوں کے درمیان خونی جھڑپ میں 15 جنگجو اور 2 دیہاتی ہلاک ہوگئے جب کہ 22 طالبان جنگجو اور 5 دیہاتی زخمی ہوئے۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق افغانستان کے صوبے سمنگان کے 2 گاؤں پر طالبان جنگجوؤں نے دھاوا بول دیا، دیہاتیوں نے بھی حملے کا بھرپور جواب دیا۔ دو طرفہ فائرنگ کے نتیجے میں 15 جنگجو مارے گئے جب کہ 2 دیہاتی بھی ہلاک ہوئے۔

دیہاتیوں نے میڈیا کو بتایا کہ طالبان جنگجو دونوں گاؤں کا قبضہ حاصل کرنے کے لیے 4 دنوں سے حملے کر رہے ہیں۔ حکومتی فورسز کی مدد کی منتظر دیہاتیوں کو اپنی مدد آپ کے تحت جنگجوؤں کا مقابلہ کرنا پڑا جس کے دوران دو دیہاتی بھی ہلاک ہوئے۔

یہ خبر بھی پڑھیں : طالبان کا افغان حکومت سے مذاکرات ختم کرنے کا اعلان

ترجمان گورنر سمنگان کی جانب سے جاری بیان میں دیہاتیوں کے ساتھ جھڑپ میں 15 جنگجوؤں کی ہلاکت کی تصدیق کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ طالبان جنگجو گاؤں پر قبضہ کرنا چاہتے تھے تاہم طالبان کی جانب سے دیہاتیوں کے ساتھ جھڑپ پر کسی قسم کا تبصرہ سامنے نہیں آیا ہے۔

واضح رہے کہ 29 فروری کو امریکا اور طالبان کے درمیان دوحہ میں امن معاہدے پر دستخط ہوئے تھے تاہم طالبان نے کابل حکومت پر معاہدے کی پاسداری میں تاخیری حربوں کا الزام عائد کرتے ہوئے افغان حکومت سے مذاکرات ختم کرنے کا اعلان کیا تھا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں