کرکٹرز کو چاق و چوبند رکھنے کی تدبیریں شروع

بورڈ کا گھروں تک محدود 200کھلاڑیوں کی ’’آن لائن‘‘ آزمائش کا پلان، ویڈیو کال پر فٹنس ٹیسٹ 20اور21اپریل کولیے جائیں گے

سینٹرل کنٹریکٹ یافتہ19 پلیئرز کی جانچ یاسر ملک اور ڈومیسٹک کھلاڑیوں کی صوبائی ٹرینرز کریں گے، ذرائع۔ فوٹو : فائل

لاک ڈاؤن میں قومی کرکٹرزکوچاق وچوبند رکھنے کی تدبیریں شروع ہو گئیں جب کہ پی سی بی نے گھروں تک محدود 200 کھلاڑیوں کی ''آن لائن'' آزمائش کا پلان بنا لیا۔

ملک بھر میں لاک ڈاؤن کے سبب گھروں تک محدودکھلاڑی منفرد انداز میں فٹنس کی جانچ کرائیں گے، پی سی بی حکام نے یہ فیصلہ باہمی مشاورت سے کیا تاکہ سب متحرک اور فٹنس پر توجہ برقرار رکھیں، کوچزاور ٹرینرز کی جانب سے فٹنس پلان پہلے ہیبھجوا دیا گیا تھا۔

ایک ہفتے قبل ہیڈ کوچ و چیف سلیکٹر مصباح الحق اور ٹرینر یاسر ملک کی جانب سے بھجوائے جانے والے پیغام میں کھلاڑیوں کو ہدایت دی گئی تھی کہ لاک ڈاؤن کی وجہ سے ہونے والی مشکلات اور محدود وسائل کو پیش نظر رکھتے ہوئے ایک پروگرام وضع کردیا گیا، اس میں سب کے لیے ٹریننگ کا برابر کا موقع ہے، آپ کو یقینی بنانا ہوگا کہ فٹنس کیلیے سو فیصد کوشش کر رہے ہیں، نظم و ضبط کا برقرار رکھتے ہوئے سخت محنت کریں، آن لائن ویڈیو کال کے طریقہ کار سے بھی جلدآگاہ کردیا جائے گا۔


ذرائع کے مطابق اب اس پلان کو حتمی شکل دیتے ہوئے شیڈول بھی بنا لیا گیا ہے، 200 کرکٹرز کے فٹنس ٹیسٹ 20 اور 21 اپریل کو لیے جائیں گے، سینٹرل کنٹریکٹ یافتہ 19 کرکٹرز کی آزمائش کا عمل یاسر ملک مکمل کریں گے، ڈومیسٹک کنٹریکٹ رکھنے والے پلیئرز کی فٹنس صوبائی ٹرینرزکو جانچنا ہوگی، دوران ٹیسٹ کرکٹرز ٹائم سیٹ، پش اپس، سٹ اپ، چن اپ سمیت مختلف انڈور مشقوں سے یہ ثابت کرنے کی کوشش کریں گے کہ گھروں میں رہ کر فٹنس میں زیادہ خرابی نہیں آئی، کورونا وائرس کے سبب پیدا ہونے والے مشکل حالات میں بہتری کے بعد باقاعدہ اور مکمل فزیکل فٹنس ٹیسٹ جون میں لیے جائیں گے، اس میں جم، یویو، ایک کلومیٹر رننگ سمیت تمام ضروری امورکو مدنظر رکھا جائے گا۔

یاد رہے کہ ہیڈکوچ اور چیف سلیکٹر مصباح الحق نے گذشتہ دنوں صحافیوں کے ساتھ ویڈیو کانفرنس میں بھی تمام کرکٹرز کو ہدایت کی تھی کہ فٹنس کے معاملے میں سہل پسندی کا شکار نہ ہوں، ہرممکن طریقے سے اپنی فٹنس پر فوکس رکھیں تاکہ جیسے ہی صورتحال بہتر اور کرکٹ سرگرمیاں بحال ہوں تمام کھلاڑی میدان میں اترنے کے لیے تیار نظر آئیں، یوں بھی پی سی بی کی جانب سے فٹنس کے حوالے سے سخت پالیسی اختیار کی گئی ہے، معیار پر پورا نہ اترنے والے قومی اور ڈومیسٹک کرکٹرز کی ابتدائی طور پر تنخواہ میں کٹوتی اور بہتری نہ آنے پر کنٹریکٹ ختم بھی کیا جا سکتا ہے۔

قومی اور ڈومیسٹک کرکٹرز کے رواں سیزن کے پانچویں فٹنس ٹیسٹ 23 اور 24 مارچ کو شیڈول کیے گئے تھے لیکن کورونا وائرس کے باعث انھیں ملتوی کرنا پڑا، اس کی کسی حد تک تلافی آن لائن ٹیسٹ کے ذریعے کرنے کی کوشش ہو رہی ہے۔

پاکستان ٹیم کی اگلی آزمائش اب جولائی میں ہالینڈ اور آئرلینڈ سے میچز میں ہوگی، اس کے بعد انگلینڈ جانا ہے، یورپ میں کورونا وائرس خطرناک حد تک پھیل چکا جس کے بعد آئندہ چند ماہ تک وہاں اسپورٹس ایونٹس کا انعقاد مشکل لگتا ہے، اس صورتحال میں پاکستان ٹیم کا دورہ خطرے میں دکھائی دے رہا ہے۔
Load Next Story