کورونا ریلیف پیکیج بجلی بلوں میں فیول ایڈجسٹمنٹ جون تک موخر ای سی سی نے منظوری دیدی

حکومت پر 151 ارب روپے کا اضافی بوجھ پڑے گا، 300یونٹس والے صارفین کو 22 ارب روپے کا ریلیف ملے گا


Shahbaz Rana/Irshad Ansari April 10, 2020
2سو ارب توانائی سکوک بانڈزکیلیے ویلوایٹر تقررکی منظوری،تاپی منصوبے پرگیس قیمت کے تعین کے لیے کمیٹی قائم

حکومت نے کورونا ریلیف پیکیج کے تحت بجلی کے بلوں میں ماہانہ اورسہ ماہی بنیادوں پر فیول ایڈجسٹمنٹ جون تک موخر کردی، قومی خزانے پر151ارب روپے کا اضافی بوجھ پڑے گا اقتصادی رابطہ کمیٹی نے منظوری دے دی جبکہ ای سی سی نے 4 سپلیمنٹری گرانٹس بھی منظور کرلی ہیں جبکہ دو سو ارب روپے کے پاکستان انرجی سکوک بانڈز کے دوسرے مرحلے کیلیے ویلوایٹر (تخمینہ کار،قیمت لگانے والا)کی تقرری کی منظوری دی ہے۔

تفصیلات کے مطابق مشیر خزانہ عبدالحفیظ شیخ کی زیرصدارت اقتصادی رابطہ کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں اہم فیصلے کیے گئے ، ای سی سی نے اجلاس میں نجی بینکوں سے 100 ارب روپے قرض لینے کی بھی منظوری دی ہے تاکہ آئندہ چھ ماہ تک بجلی کے نرخ نہ بڑھانے کی صورت میں حکومتی نقصانات کا ازالہ کیا جاسکے اور تیل درآمدکنندگان کو زرمبادلہ کی شرح میں تبدیلی کا ازالہ کیا جاسکے۔

ای سی سی اجلاس میں پاکستان اسٹیٹ آئل کو بیل آئوٹ پیکیج دینے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے تاکہ اسے ڈیفالٹ ہونے سے بچایا جاسکے کیونکہ اس وقت پی ایس او کو 257 ارب روپے مختلف اداروں اور محکموں سے وصول کرنے ہیں۔ذرائع کے مطابق حکومت نے روں ماہ کے دوران مجموعی طور پر تین سو ارب روپے مختلف بینکوں اور کارپوریٹ سیکٹر سے حاصل کرنے ہیں اور اس دوران حکومت نے فیصلہ کیا ہے کہ اس رقم سے گردشی قرضوں میں کچھ حصہ ادا کردیا جائے، ای سی سی اس سلسلے میں پہلے ہی منظوری دے چکی ہے کہ دو سو ارب روپے کے مقامی اسلامی سکوک بانڈز جاری کیے جائیں گے۔

علاوہ ازیں ای سی سی کے کورونا ریلیف پیکیج سے300 یونٹ والے صارفین کو 22 ارب روپے تک کا ریلیف ملے گا، 4 سپلیمنٹری گرانٹس میں فیڈرل پبلک سروس کمیشن (ایف پی ایس سی )کیلئے 16 کروڑ روپے، پائیدار ترقی پروگرام کیلیے ایک ارب 70 کروڑ، سپیشل سکیورٹی ڈویڑن جنوبی فیزون کیلیے 11ارب 48 کروڑ روپے اور سپیشل کمیونیکیشن آرگنائزیشن (ایس سی او) کیلیے 46 کروڑ 42 لاکھ روپے کی گرانٹ منظورکی گئی جبکہ اقتصادی رابطہ کمیٹی نے تاپی گیس پائپ لائن منصوبے کے تحت گیس کی قیمتوں کے تعین کیلئے کمیٹی بھی قائم کردی ۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں