عوام حکومتی فیصلوں پر عمل کر کے کورونا کو شکست دیں وزیراعلیٰ سندھ کی اپیل

عوام اپنی، اپنے خاندان اور دوستوں کی زندگی کی حفاظت میں اپنا کردار ادا کریں، مراد علی شاہ


ویب ڈیسک April 10, 2020
سندھ میں کورونا سے جاں بحق ہونے والوں کی کُل تعداد 22 ہوگئی ہے، مراد علی شاہ فوٹو: فائل

وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ حکومتی فیصلوں پر عملدرآمد کر کے کورونا کو شکست دیں۔

سندھ میں کورونا کی صورتحال سے متعلق اپنے پیغام میں وزیر اعلیٰ سندھ نے کہا کہ ہم نے گزشتہ 24 گھنٹوں میں 586 افراد کے ٹیسٹ کئے، جن میں 86 کورونا میں مبتلا پائے گئے، جس کے بعد صوبے میں کورونا کے تصدیق شدہ مریضوں کی تعداد 1214 ہوگئی ہے، صوبے میں صحتیاب ہونے والے مریضوں کی تعداد 358 ہے جو کُل مریضوں کا 30 فیصد ہے۔ گزشتہ 24 گھنٹوں میں کورونا سے ایک شخص جاں بحق ہوا اور وہ میرے بہنوئی مہدی شاہ تھے۔ کورونا کے سبب جاں بحق ہونے والوں کی کُل تعداد 22 ہوگئی ہے، جو کُل مریضوں کا 1.8 فیصد ہے۔

وزیر اعلیٰ سندھ نے کہا کہ سید مہدی شاہ 52 سال کے تھے، 28 مارچ کو ان کا کورونا ٹیسٹ مثبت آیا تھا، وہ کورونا سے جنگ جیت گئے تھے، ان کے 2 ٹیسٹ منفی آئے تھے، انہیں کورونا کے باعث پھیپھڑوں اور دیگر امراض نمودار ہوئے جس کی وجہ سے وہ زندگی کی بازی ہار گئے۔ اسپتال میں مہدی شاہ کو کورونا کا مریض ڈکلیئر نہیں کیا، اس کے باوجود ہم نے مہدی شاہ کی تدفین کورونا کے بنیاد پر کی.

مراد علی شاہ نے کہا کہ ان تمام افراد کا شکرگزار ہوں جنہوں نے مہدی شاہ کے انتقال پر تعزیت کی، دوستوں سے گزارش ہے کہ مہدی شاہ کی مغفرت کے لئے اپنے گھروں میں دعا کریں، حکومتی فیصلوں پر عملدرآمد کر کے کورونا کو شکست دیں، ایک دوسرے سے فاصلہ رکھیں، اپنی، اپنے خاندان اور دوستوں کی زندگی کی حفاظت میں اپنا کردار ادا کریں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں