آن لائن ٹیسٹ کیسے دیں کرکٹرز مشکل میں پڑ گئے

گھروں میں سہولیات ناکافی،بیشتر کو فیل ہونے کا خدشہ ستانے لگا


Abbas Raza April 11, 2020
فٹنس ٹیسٹ20اور21اپریل کوہی ہوں گے،تبدیلی نہیں ہورہی،بورڈ۔ فوٹو: فائل

گھروں میں سہولیات ناکافی ہیں،آن لائن فٹنس ٹیسٹ کیسے دیں؟ کرکٹرز مشکل میں پڑ گئے جب کہ بیشتر کو فیل ہونے کا خدشہ ستانے لگا۔

پی سی بی نے لاک ڈاؤن میں بھی کرکٹرز کو متحرک رکھنے کیلیے 20 اور 21 اپریل کو ویڈیو کال کے ذریعے فٹنس ٹیسٹ لینے کا فیصلہ کیا ہے، سینٹرل کنٹریکٹ یافتہ پلیئرز کے ٹیسٹ ٹرینر یاسر ملک لیں گے، صوبائی ٹیموں میں شامل کھلاڑیوں کی فٹنس ایسوسی ایشنز کے ٹرینرزجانچیں گے۔

ذرائع کے مطابق بیشتر کرکٹرز کے پاس گھر میں ٹریننگ کی انتہائی ضروری سہولیات میسر نہیں، کورونا وائرس کی وجہ سے پیدا ہونے والی صورتحال کیلیے ذہنی طور پر تیار نہ ہونے کی وجہ سے کئی کرکٹرز نے استطاعت رکھنے کے باوجود ٹریڈ مل یا ٹریننگ کیلیے درکار اس نوعیت کا دوسرا سامان خریدنے کی ضرورت بھی محسوس نہیں کی، بیشتر نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں موجود سہولیات پر انحصار کرتے رہے ہیں۔

چیف سلیکٹر و ہیڈکوچ مصباح الحق اور ٹرینر یاسر ملک کی جانب سے پیغام ملنے کے بعد سے کھلاڑی فٹنس کے مطلوبہ معیار پر پورا اترنے کی ہرممکن کوشش تو کر رہے ہیں لیکن فیل ہونے کے خدشات سے بھی دوچار ہیں، اس صورتحال میں ٹیسٹ ملتوی کیے جانے کی اطلاعات بھی گردش میں ہیں۔

دوسری جانب پی سی بی کے ڈائریکٹر میڈیا سمیع الحسن برنی نے کہاکہ آن لائن ٹیسٹ 20 اور 21 اپریل کو ہی ہوں گے، شیڈول میں کوئی تبدیلی نہیں کی جارہی۔

یاد رہے کہ بورڈ نے فٹنس کے معیار پر پورا نہ اترنے والے کرکٹرز کی تنخواہوں میں کٹوتی کی پالیسی وضع کر رکھی ہے۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں