وسیم خان نے بورڈ کی مزید 2 پرانی وکٹیں اڑا دیں

ہارون رشید اور آغا زاہد کے معاہدوں میں توسیع نہیں کی جائے گی

سی ای او ہم خیال افراد پر مشتمل نئی ٹیم بنانے کے لیے کوشاں۔فوٹو: فائل

SEREMBAN, MALAYSIA:
وسیم خان نے بورڈ کی مزید2پرانی وکٹیں اڑا دیں، ڈائریکٹر ڈومیسٹک ہارون رشید اور چیف کیوریٹر آغا زاہد کے معاہدوں میں توسیع نہیں ہوگی۔

ہارون رشید کا کنٹریکٹ 31 مئی جبکہ آغا زاہد کا 30 اپریل کو ختم ہو جائے گا، دونوں اس کے بعد پی سی بی سے وابستہ نہیں رہیں گے، ہارون مختلف ادوار میں چیف سلیکٹر، سینئر اور جونیئر ٹیموں کے کوچ و منیجر، سربراہ یوتھ گیم ڈیولپمنٹ اور نیشنل کرکٹ اکیڈمی کے قائم مقام سربراہ کی پوسٹ پر رہ چکے ہیں، سابق فرسٹ کلاس کرکٹر آغا زاہد نے 2001 میں بورڈ کو جوائن کیا تھا۔

اس حوالے سے پی سی بی کی جانب سے جاری کردہ بیان میں ہارون رشید نے کہاکہ ہم نے بڑے مختصر وقت میں نئے ڈومیسٹک اسٹرکچر کو کامیاب بنایا، میں تعاون پر اپنے ساتھیوں کا شکریہ ادا کرتا ہوں، میں ہمیشہ پاکستان کرکٹ کے ساتھ رہا اور اس کی ترقی کے لیے دعاگو رہوں گا، انھوں نے کہا کہ میں اب زیادہ سے زیادہ وقت اپنی فیملی کے ساتھ گزارنے کی کوشش کروں گا۔


آغا زاہد نے کہا کہ گذشتہ 19 سال تک پی سی بی کے ساتھ بہت اچھا وقت گزرا، میں نے ایسی پچز بنائیں جن پر کھیلنے والے کرکٹرز نے پاکستان کا نام روشن کیا، بعض اوقات میں اور میری ٹیم مشکل حالات میں بھی رہے مگر مجموعی طور پر اچھا وقت گزارا۔

پی سی بی کے چیف ایگزیکٹیو وسیم خان نے کہاکہ کئی سال کی خدمات پر بورڈ ہارون رشید اور آغازاہد کا شکرگذار ہے، ڈائریکٹر اکیڈمیز مدثر نذر پہلے ہی مئی میں اپنی رخصتی کا اعلان کرچکے ہیں،ہم این سی اے اورڈومیسٹک کرکٹ کی تشکیلِ نو کریں گے تاکہ مختلف اور مؤثر ہائی پرفارمنس اسٹرکچر بنایا جا سکے، اس سے ڈومیسٹک اور انٹرنیشنل کرکٹ کے درمیان معیار کا فرق کم کرنے میں مدد ملے گی، گذشتہ 2 سال سے آغا زاہد کے نائب کی ذمہ داریاں نبھانے والے علی رضا صدیقی عبوری طور پر عہدہ سنبھالیں گے، دونوں شعبوں کی تشکیلِ نو کا عمل آئندہ ہفتے شروع ہوگا۔

 
Load Next Story