پاکستان نے بڑے ایونٹ کی میزبانی کا خواب دیکھ لیا

 انٹرنیشنل کرکٹ کی واپسی اور پی ایس ایل نے حوصلے بڑھا دیے


Sports Reporter April 12, 2020
 انٹرنیشنل کرکٹ کی واپسی اور پی ایس ایل نے حوصلے بڑھا دیے ۔ فوٹو: فائل

MULTAN: انٹرنیشنل کرکٹ کی واپسی اور پی ایس ایل نے پاکستان کے حوصلے بڑھا دیے، آئندہ فیوچر ٹور پروگرام میں کثیر ملکی ٹورنامنٹکی میزبانی پانے کا خواب دیکھ لیا۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان نے آخری بار 1996میں بھارت اور سری لنکاکے ساتھ مشترکہ طور پر ورلڈکپ کی میزبانی کا اعزاز حاصل کیا تھا،اس کے بعد کوئی آئی سی سی ایونٹ یہاں نہیں ہوسکا،سری لنکن ٹیم پر 2009میں حملے کے بعد ویران ہونے والے میدان اب بتدریج آباد ہونے لگے ہیں،ویسٹ انڈیز، بنگلہ دیش اور سری لنکا کی ٹیمیں دورہ کرچکیں،پی ایس ایل کے میچز کا بھی کامیابی سے انعقاد ہوا، آئی سی سی کے چیف ایگزیکٹیو مانو سواہنے نے فروری میں ممبرز کو خط میں آئندہ فیوچر ٹور پروگرام میں شامل ایونٹس کیلیے اظہار دلچسپی جمع کرانے کاکہا تھا،انھوں نے مختلف ملکوں کا دورہ بھی کیا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ بھارت، انگلینڈ اور آسٹریلیا سمیت بڑے ملکوں نے فی الحال مختلف مسائل کی وجہ سے آئی سی سی ایونٹس کی میزبانی میں دلچسپی کا اظہار نہیں کیا، دوسری جانب پاکستان 2023سے 2031تک کے دورانیے میں شامل ورلڈکپ اور چیمپئنز ٹرافی سمیت بڑے ایونٹس کی میزبانی کا امیدوار ہے،ایک غیر ملکی خبررساں ادارے سے گفتگو کرتے ہوئے پی سی بی کے ترجمان نے تصدیق کی کہ پاکستان ٹورنامنٹس کرانے میں دلچسپی کا اظہار کرچکا ہے،آئی سی سی کی ہدایات کی روشنی میں ایک مضبوط پروپوزل تیار کرکے پیش کریں گے۔دوسری جانب آئی سی سی کے ترجمان نے کہاکہ ہم مجموعی طور پر 18ایونٹس کیلیے پیشکش وصول کررہے ہیں، کرکٹ کو فروغ دینے میں نئے وینیوز بھی اہم کردار ادا کرسکتے ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔