کراچی کورونا کے سب سے زیادہ کیس گلشن اورصدرمیں رپورٹ

کورونا وائرس نے سب سے زیادہ کراچی ڈویژن کو متاثر کیا، خواتین کی نسبت مرد حضرات وائرس سے زیادہ متاثر ہورہے ہیں، رپورٹ

سب سے زیادہ20سے29سال کی عمرکے افراد متاثر ہوئے، سب سے کم کورنگی سے 4، بلدیہ ٹاؤن 2 اور گڈاپ میں2 افرادمتاثر

کراچی سمیت سندھ بھر کورونا وائرس سے سب سے زیادہ20سال سے 29سال کی عمر افراد متاثر ہوئے، متاثرین میں خواتین 30 فیصد جبکہ مرد 70 فیصد متاثر ہوئے، سندھ بھر میں سب سے زیادہ کورونا وائرس نے کراچی ڈویژن کو متاثر کیا، کراچی کے علاقے گلشن اقبال اور صدر میں سب سے زیادہ کورونا وائرس کے کیس رپورٹ ہوئے، گلشن اقبال سے 132 اور صدر سے 130 افراد کورونا وائرس سے متاثر ہوچکے۔

تفصیلات کے مطابق ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ سروسز سندھ نے صوبے بھر میں کورونا وائرس سے متاثرہ علاقوں اور متاثرہ افراد کی عمر کے حوالے سے تفصیلی رپورٹ مرتب کرلی، رپورٹ میں جاری اعداد و شمار کے مطابق صوبے بھر میں اب تک رپورٹ ہونے والے افراد میں سب سے زیادہ 20 سے 29 سال کی عمر کے افراد کورونا وائرس سے متاثر ہوئے ہیں، اعداد و شمار کے مطابق خواتین کی نسبت مرد حضرات وائرس سے زیادہ متاثر ہورہے ہیں، متاثرہ افراد میں 353 خواتین اور 833 مرد شامل ہیں، رپورٹ کے مطابق ایک سال سے 9 عمر کے 62 بچے کورونا وائرس سے متاثر ہوئے ہیں، 10 سال سے 19 سال کے 87 افراد کورونا وائرس سے متاثر ہوئے، 20 سال سے 29 سال کے 239 افراد کورونا وائرس سے متاثر ہوئے، 30 سال سے 39 سال کی عمر کے 231 افراد کورونا وائرس سے متاثر ہوئے، 40 سال سے 49 سال کی عمر کے 180 افراد، 50 سال سے 59 سال کی عمر کے 145 افراد، 60 سال سے 69 سال کے 119 افراد اور 70 سال سے زائد عمر کے 123 افراد کورونا وائرس سے متاثر ہوچکے ہیں، تاہم رپورٹ میں کورونا وائرس سے متاثرہ علاقوں کے حوالے سے جاری اعداد و شمار کے مطابق کورونا وائرس سب سے زیادہ کراچی میں پھیلا ہے۔


کراچی سے متاثرہ 685 افراد میں سے ضلع شرقی سے کورونا وائرس کے 185 کیس رپورٹ ہوئے، ضلع وسطی سے 144 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی، ضلع جنوب سے 135 افراد متاثر ہوئے، ضلع کورنگی سے 43، ضلع ملیر سے 56، ضلع غربی سے 64 افراد متاثر ہوئے، کراچی کے علاقے گلشن اقبال اور صدر سے سب سے کورونا وائرس کے کیس رپورٹ ہوئے ہیں، گلشن اقبال میں 132 افراد کورونا وائرس سے متاثر ہوئے اور صدر کے علاقے سے 130 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوچکی ہے، ناظم آباد سے 64، جمشید ٹاؤن سے 44 افراد کورونا وائرس سے متاثر ہوئے، ملیر سے 42 افراد، نارتھ کراچی سے 30، اورنگی سے 31، لانڈھی سے 2 کیس رپورٹ ہوئے۔

گلبرگ سے 24، لیاری سے 18، سائٹ ایریا سے 16، شاہ فیصل سے 11 کیس رپورٹ ہوئے، کیماڑی کے علاقے سے 10 اور لیاقت آباد سے 14، بن قاسم ٹاون سے 16 کیس رپورٹ ہوئے، سب سے کم کورنگی سے 4، بلدیہ ٹاون سے 2 اور گڈاپ سے 2 افراد کورونا وائرس سے متاثر ہوئے، رپورٹ کے مطابق سب سے زیادہ گلشن اقبال میں 19.27 فیصد اور صدر میں 18.98 فیصد کیس رپورٹ ہوئے، دریں اثنا حیدرآباد میں 162، ٹنڈومحمد خان 17، جامشورو سے 2، بدین سے ایک ، سجاول سے 1، دادو سے 1 کیس رپورٹ ہوا، شہید بے نظیر اباد سے 10، سانگھڑ سے 2، نوشہرو فیروز سے 2 کیس، سکھر سے 289، خیر پور سے 15، گھوٹکی سے 2، لاڑکانہ سے 13، جیکب آباد سے 1 کیس رپورٹ ہوا۔
Load Next Story