وزیراعظم تمام پاکستانیوں کے حقوق کے تحفظ کے ضامن ہیں فردوس عاشق

ہمیں متحد ہوکرتمام وسائل بروئے کار لاتے ہوئے کورونا وائرس کو شکست دینا ہے، معاون خصوصی


ویب ڈیسک April 12, 2020
نیشنل کوآرڈینیشن کمیٹی میں فیصلے مشاورت سے پاتے ہیں، فردوس عاشق اعوان فوٹو: فائل

ISLAMABAD: معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان تمام اکائیوں میں بسنے والے پاکستانیوں کے حقوق کے تحفظ کے ضامن ہیں۔

اپنی ٹوئٹ میں فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ سب جانتے ہیں کہ نیشنل کوآرڈینیشن کمیٹی میں فیصلے مشاورت سے طے پاتے ہیں اور وزیراعلی سندھ اس کمیٹی کے رکن ہیں۔ سندھ کے عوام پاکستان کے شہری ہیں۔ وزیراعظم عمران خان تمام اکائیوں میں بسنے والے پاکستانیوں کے حقوق کے تحفظ کے ضامن ہیں۔

معاون خصوصی کا کہنا تھا کہ بلاول بھٹو زرداری کا بیان کورونا کے خلاف جنگ میں قومی یکجہتی کی فضا پارہ پارہ کرنے کے مترادف ہے۔ اٹھارویں ترمیم کے بعد صحت کا شعبہ صوبوں کے دائرہ اختیار میں ہے۔ گزشتہ ایک دہائی سے زائد عرصے سے سندھ میں پیپلز پارٹی کی حکومت قائم ہے۔ یہ سیاست چمکانے کا وقت نہیں، متحد ہوکر تمام وسائل بروئے کار لاتے ہوئے کورونا وائرس کو شکست دینا ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز بلاول بھٹو زرداری نے اپنے ایک انٹرویو میں کہا تھا کہ کورونا پر قابو پانے کے لیے وفاقی حکومت سست روی سے کام کر رہی ہے، کورونا کے خلاف صوبے اپنے اپنے طور پر کام کررہے ہیں اور اس حوالے سے وفاق کی جانب سے بہت کم امداد مل رہی ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں