ملک میں کورونا کے مریضوں کی تعداد 5496 ہوگئی 93 افراد جاں بحق

پنجاب میں 2672، سندھ 1452، بلوچستان 230، خیبر پختونخوا 744، آزاد کشمیر 40، اسلام آباد 131، گلگت بلتستان میں 224 کیسز

کورونا وائرس کے ایک ہزار 95 مریض صحت یاب ہوچکے ہیں

ملک بھر میں مہلک کورونا وائرس کے مصدقہ مریضوں کی تعداد 5 ہزار 496 ہوگئی اور 93 افراد جاں بحق ہوگئے۔

وفاقی وزارت صحت کے کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر کے اعداد و شمار کے مطابق ملک میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 3 ہزار 233 مشتبہ مریضوں کے ٹیسٹ کیے گئے جن میں سے 122 میں اس وائرس کی تشخیص ہوئی۔

اس طرح ملک بھر میں کورونا کا شکار افراد کی تعداد 5 ہزار 496 ہوگئی جب کہ کورونا وائرس کے ایک ہزار 97 مریض صحت یاب ہوچکے ہیں۔ اب تک مجموعی طور پر 65 ہزار 114 مریضوں کے ٹیسٹ کیے گئے ہیں۔

ایک دن میں جانی نقصان

کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں 7 افراد اس وائرس کے ہاتھوں جان کی بازی ہار گئے جس کے بعد ملک بھر میں کورونا وائرس سے جاں بحق افراد کی تعداد 93 ہوگئی جب کہ 44 کی حالت تشویش ناک ہے۔

کہاں کہاں کتنے مریض ؟

حکام کے مطابق پنجاب میں 2672، سندھ 1452، بلوچستان 230، خیبر پختونخوا میں 744، آزاد کشمیر 43، اسلام آباد میں 131 اور گلگت بلتستان میں 224 کیسز رپورٹ ہوچکے ہیں۔

کورونا کا علاج کرنے والے مسیحا خود وائرس کا شکار ہوگئے

کورونا کا علاج کرنے والے مسیحا خود وائرس کا شکار ہوگئے۔ ملتان کے نشتر اسپتال میں مریضوں کا علاج کرنے والے 17 ڈاکٹر اور 2 نرسوں میں وائرس کی تشخیص ہوگئی۔

وائس چانسلر نشتر میڈیکل یونیورسٹی نے بتایا کہ اب تک ڈھائی ہزار لوگوں کے ٹیسٹ کرچکے ہیں، جن میں صرف 37 کی تصدیق ہوئی ہے۔

پرنسپل نشتر میڈیکل کالج پروفیسرڈاکٹر افتخار حسین کا کہنا ہے کہ ہمارے پاس اتنی صلاحیت نہیں کہ نزلہ کھانسی کے ہر مریض کا ٹیسٹ کرسکیں۔

دوسری جانب پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن سمیت دیگر تنظیموں نے جنوبی پنجاب کے سب سے بڑے نشتراسپتال میں ایمرجنسی ڈیکلیئر کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر ڈاکٹرز کو بروقت مناسب حفاظتی آلات نہ دئیے گئے تو حالات مزید ابتر ہوجائیں گے۔

لاک ڈاؤن میں توسیع یا نرمی سے متعلق فیصلہ آج کیا جائے گا

وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت قومی رابطہ کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں چاروں صوبوں کے وزرائے اعلیٰ، وفاقی وزراء، عسکری اور سول اداروں کے اعلیٰ حکام سمیت چیئرمین این ڈی ایم اے نے شرکت کی۔

اجلاس میں کمانڈ سینٹر کی جانب سے کورونا کی موجودہ صورتحال کے اعداد و شمار سے آگاہ کیا گیا جب کہ کورونا وائرس کی موجودہ صورتحال، صوبائی سطح پر اقدامات اور ریلیف پیکجز پر عمل درآمد کا جائزہ بھی لیا گیا۔

وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت قومی رابطہ کمیٹی کے ہونے والے اجلاس میں وفاق اور صوبوں نے لاک ڈاؤن سے متعلق یکساں پالیسی پر اتفاق کیا۔ دوسری جانب ذرائع کے مطابق قومی رابطہ کمیٹی کا اجلاس آج دوبارہ طلب کرلیا گیا ہے جس میں لاک ڈاؤن میں توسیع یا نرمی سے متعلق فیصلے کیے جائیں گے۔

کورونا کی 15 ہزار ٹیسٹ کٹس کا عطیہ

عالمی ادارہ صحت کی جانب سے فراہم کردہ سامان کی وصولی تقریب سے خطاب میں چیئرمین این ڈی ایم اے لیفٹیننٹ جنرل محمد افضل نے کہا ہے کہ عالمی ادارہ صحت نے کووڈ-19 ٹیسٹنگ کے لئے 15 پی سی آر مشینیں اور 15000 ٹیسٹ کٹس دی ہیں، ڈبلیو ایچ او نے ہر مشکل وقت میں پاکستان کو مدد فراہم کی۔


لیفٹیننٹ جنرل محمد افضل نے کہا ہے کہ ملک میں اس وقت این 95 ماسک کے علاوہ تمام حفاظتی سامان تیار کیا جا رہا ہے، ہم نے زمینی، سمندری اور ہوائی راستوں سے پاکستان میں داخل ہونے والوں کی مؤثر چیکنگ کا نظام اختیار کیا، اس وقت ملک میں روزانہ 50 ہزار سے زائد ٹیسٹ کرنے کی صلاحیت موجودہ ہے، کل ہی 6 لاکھ ٹیسٹنگ ری ایکشن پاکستان پہنچ چکے ہیں، ملک میں اس وقت 37 ٹیسٹنگ لیب کام کر رہی ہیں اور مزید 25 لیب کو جلد فعال کردیا جائے گا جب کہ 100 موبائل لیبارٹریز بھی قائم کی جارہی ہیں۔

وزیراعلیٰ سندھ کی لاک ڈاؤن میں توسیع کی تجویز

وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے وزیراعظم عمران خان کو لاک ڈاؤن میں مزید دو ہفتے توسیع کرنے کی تجویز دیتے ہوئے کہا ہے کہ معیشت کو دوبارہ کھڑا کرسکتے ہیں مگر انسان کو دوبارہ زندگی نہیں دے سکتے، وزیراعظم لاک ڈاؤن توسیع پر قومی اتفاق رائے سے آگے بڑھ کر اعلان کریں۔

دنیا میں غذائی قلت کا خدشہ ہے، اقوام متحدہ

عالمی ادارہ برائے خوراک (ایف اے او) نے اپنی رپورٹ میں کہا ہے کہ اگرچہ اب بھی اکثر ممالک کی دکانوں اور اسٹور میں اشیائے خورونوش موجود ہیں لیکن اس بحران سے عالمی خوراک کے پورے نظام پر دباؤ بڑھ چکا ہے جس کے تدارک کے لیے خاص اقدامات کی ضرورت ہے۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ دنیا بھر میں اس وقت سرحدیں بند ہیں، بحری جہاز لنگر انداز ہیں اور پروازیں معطل ہیں جس کی وجہ سے خوراک کی عالمی ترسیل جامد ہوچکی ہے جبکہ غذاؤں سے بھرے گودام اور کنٹینر اپنی منزل پر پہنچنے کے انتظار میں ہے۔

اقوامِ متحدہ نے اپنی رپورٹ میں یہ بھی کہا ہے کہ عالمی خوراک کے تحفظ کو شدید دھچکا لگا ہے جس سے انتہائی غریب ممالک سب سے زیادہ متاثر ہوسکتے ہیں۔

دنیا بھر ہلاکتوں کی تعداد ایک لاکھ سے تجاوز

دنیا بھر میں کورونا وائرس سے اب تک 18 لاکھ 52 ہزار سے زائد افراد متاثر ہوچکے ہیں جب کہ ہلاکتوں کی تعداد ایک لاکھ 14 ہزار تک پہنچ چکی ہے تاہم 4 لاکھ 23 ہزار سے زائد افراد وائرس سے صحت یاب ہوئے ہیں۔ يورپ میں عالمی وباء کے باعث ہلاکتوں کی تعداد 75 ہزار سے تجاوز کرگئی ہے۔

ایران میں کورونا سے ممکنہ ہلاکتوں کے پیش نظر 10 ہزار قبریں تیار

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق تہران کی سٹی کونسل کے ایک رکن مجتبی یزدارنی کے مطابق اتوار کو اراکین کو بتایا گیا ہے کہ دار الحکومت کے جنوب میں واقع ملک کے سب سے بڑے قبرستان 'بہشتِ زہرا'' کے رقبے میں 12 سو 35 ایکڑ کا اضافہ کرکے کورونا وائرس سے ہونے والی ممکنہ ہلاکتوں کے پیش نظر 10 ہزار قبریں تیار کرلی گئی ہیں۔ اس کے علاوہ قبرستان میں قائم ایمرجینسی شیلٹر میں میت کو غسل دینے کا انتظام بھی کردیا گیا ہے۔

15اپریل سے لاک ڈاؤن محدود کیا جائے، تاجر

تاجروں نے وزیر اعظم عمران خان اور وزیر منصوبہ بندی اسد عمر سے مطالبہ کیا ہے کہ منگل 15 اپریل سے لاک ڈاؤن محدود کر کے تاجروں کو جزوقتی کاروبار کھولنے کی اجازت دی جائے۔

سماجی فاصلے بڑھے مگر انسانی رشتے قریب آ ئے

دنیا بھر کی طرح وطن عزیز میں بھی سماجی فاصلوں پر عمل درآمد جاری ہے۔ اس تناظر میں جہاں عوام اپنے اہل وعیال،ہمسایوں،محلہ داروں کے تحفظ کو یقینی بنانے لیے ان کو احتیاطی تدابیر اپنانے کی تلقین کررہے ہیں وہاں خاندانی رابطوں اور انسانی ہمدردی کے تحت فیملی فرینڈز،عزیزواقارب اور دوست احباب کے ساتھ حسن سلوک بھی بڑھ گیا ہے۔

کورونا وائرس اور احتیاطی تدابیر:

کورونا وائرس کے خلاف یہ احتیاطی تدابیر اختیار کرنے سے اس وبا کے خلاف جنگ جیتنا آسان ہوسکتا ہے۔ صبح کا کچھ وقت دھوپ میں گزارنا چاہیے، کمروں کو بند کرکے نہ بیٹھیں بلکہ دروازہ کھڑکیاں کھول دیں اور ہلکی دھوپ کو کمروں میں آنے دیں۔ بند کمروں میں اے سی چلاکر بیٹھنے کے بجائے پنکھے کی ہوا میں بیٹھیں۔

سورج کی شعاعوں میں موجود یو وی شعاعیں وائرس کی بیرونی ساخت پر اُبھری ہوئی پروٹین کو متاثر کرتی ہیں اور وائرس کو کمزور کردیتی ہیں۔ درجہ حرارت یا گرمی کے زیادہ ہونے سے وائرس پر کوئی اثر نہیں ہوتا لیکن یو وی شعاعوں کے زیادہ پڑنے سے وائرس کمزور ہوجاتا ہے۔

پانی گرم کرکے تھرماس میں رکھ لیں اور ہر ایک گھنٹے بعد آدھا کپ نیم گرم پانی نوش کریں۔ وائرس سب سے پہلے گلے میں انفیکشن کرتا ہے اور وہاں سے پھیپھڑوں تک پہنچ جاتا ہے، گرم پانی کے استعمال سے وائرس گلے سے معدے میں چلا جاتا ہے، جہاں وائرس ناکارہ ہوجاتا ہے۔
Load Next Story