ایشیائی ترقیاتی بینک کا کورونا وائرس سے نمٹنے کیلئے فنانسنگ میں تین گنا اضافہ

رکن ممالک کے نجی شعبے کو بھی مالیاتی معاونت فراہم کی جائے گی، صدر اے ڈی بی

کورونا وبا کے باعث ایشیا میں غربت کی تخفیف کے اقدامات متاثر ہوں گے، صدر اے ڈی بی۔ فوٹو، فائل۔

BEIJING:
ایشیائی ترقیاتی بینک(اے ڈی بی) نے کورونا وائرس سے نمٹنے کیلئے فنانسنگ میں تین گنا اضافہ کرکے 20 ارب ڈالر کرنے کی منظوری دے دی ہے۔

اس ضمن میں ایشیائی ترقیاتی بینک کی جانب سے جاری کردہ اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ کوروناوائرس سے نمٹنے کیلئے فنانسنگ کا حجم ساڑھے 6ارب سے بڑھا کر 20 ارب ڈالر کیا جارہا ہے اور اقدامات تیز کرنے کی بھی منظوری دی گئی ہے۔ بینک 18 مارچ کو ساڑھے چھ ارب ڈالر کے پیکج کی منظوری دے چکا ہے اور مزید ساڑھے 13 ارب ڈالر منظور کیے جارہے ہیں۔ فراہم کردہ پیکج میں ڈھائی ارب روپے کی رعایتی گرانٹ بھی شامل ہے جبکہ 20 ارب ڈالر کے پیکج میں سے دو ارب ڈالر نجی شعبہ کو قرضے اور گرانٹس کی صورت میں فراہم کیے جائیں گے۔

یہ بھی پڑھیں: کورونا وائرس وبا کے باعث دنیا میں غذائی قلت کا خدشہ ہے، اقوام متحدہ


اے ڈی بی کا کہنا ہے کہ کورونا وائرس کی وبا ایشیا میں اقتصادی،سماجی ترقی کیلئے شدید خطرہ ہے۔ اس کے باعث ایشیاء میں غربت کی تخفیف کے اقدامات بھی متاثر ہوں گے۔

ایشیائی ترقیاتی بینک کے صدر مستاسوگو اساکاوا نے کہا ہے کہ کورونا وائرس کے تناظر میں ایشیائی ترقیاتی بینک کے اعلان کردہ توسیع شدہ پیکج سے کورونا وائرس سے پیدا ہونے والی صورت حال سے نمٹنے میں مدد ملے گی۔ ایشیائی ترقیاتی بینک کے رکن ممالک کے نجی شعبے کو بھی فنانسنگ فراہم کی جائے گی اس سے بھی کورونا وائرس سے نمٹنے کے حوالے سے درپیش چیلنجز سے نمٹنے میں مدد ملے گی۔

یہ بھی پڑھیں: کورونا وائرس؛ عالمی بینک پاکستان کو1ارب ڈالر فراہم کرے گا

ان کا کہنا ہے کہ ایشیائی ترقیاتی بینک کی جانب سے 3 اپریل کو جاری کردہ اعدادوشمار کے مطابق کورونا وائرس کے باعث سال 2020 میں بھی عالمی سطع پر شرح نمو 5 اعشاریہ 2 فی صد سے کم ہو کر 2 اعشاریہ 2 فی صد تک رہنے کی توقع ہے۔
Load Next Story