کورونا وبا علاج کیلیے پیسیو امیونائزیشن کے تحت پلازما لینے کا آغاز

اگلے ہفتے پنجاب اور خیبرپختونخوا میں بھی پلازما لینے پر کام شروع کیا جائے گا، ڈاکٹر طاہر شمسی

ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی آف پاکستان (ڈریپ) اور دیگر اداروں کی جانب سے پلازما لینے کی اجازت مل چکی ہے. (فوٹو، فائل)

لاہور:
ملک بھر میں پھیلی عالمی وباء کورونا وائرس کے علاج کے لیے پیسیو امیونائزیشن (passive immunization) کے تحت پلازما لینے کا آغاز کر دیا گیا۔

نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف بلڈ ڈیزیز (این آئی بی ڈی) کے سربراہ ڈاکٹر طاہر شمسی کے مطابق ان کی اور ان کی ٹیم کی جانب سے کورونا وائرس کے علاج کی غرض سے کورونا وائرس کے صحت یاب افراد کا پلازما حاصل کرنا شروع کردیا گیا ہے جبکہ پلازما وفاق اور صوبائی حکومتوں کی اجازت سے حاصل کیا جا رہا ہے۔

ڈاکٹر طاہر شمسی کے مطابق اگلے ہفتے پنجاب اور خیبرپختونخوا میں بھی پلازما لینے پر کام شروع کیا جائے گا، ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی آف پاکستان (ڈریپ) اور دیگر اداروں کی جانب سے پلازما لینے کی اجازت مل چکی ہے جبکہ کورونا کے مریضوں کو پلازما لگانے کا فیصلہ مریض کے متعلقہ ڈاکٹر کی جانب سے کیا جائے گا۔


سول اسپتال کورونا وائرس کے ٹریٹمنٹ سینٹر میں تبدیل

دریں اثنا محکمہ صحت سندھ نے سول اسپتال کراچی کو کورونا وائرس کے مریضوں کے علاج کی سہولیات کی فراہمی کے لیے کووڈ 19 ٹریٹمنٹ سینٹر میں تبدیل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

محکمہ صحت سندھ کے جاری کردہ نوٹی فکیشن کے مطابق صوبائی وزیر صحت و بہبود آبادی ڈاکٹر عذرا افضل پیچوہو نے ڈاکٹر رتھ فاؤ سول اسپتال کراچی کو کورونا وائرس میں مبتلا مریضوں کے علاج کے لیے کووڈ 19 ٹریٹمنٹ سینٹر میں تبدیل کرکے انتظامات مکمل کرنے کے احکامات دے دیئے ہیں۔

نوٹی فکیشن کے مطابق اسپتال کے میڈیکل وارڈ نمبر 1 اور 2، سرجیکل وارڈ نمبر 1 اور 2 اور او ٹی کمپلیکس کو کورونا وائرس کے مریضوں کے لیے مختص کیا جائے گا جبکہ مذکورہ عمارت کی تیسری منزل پر ریکوری ایریا اور او ٹیز کو بھی 40 بستروں پر مشتمل آئی سی یو میں تبدیل کرنے کے احکامات دئیے گئے ہیں، سینٹر کی سربراہ ایڈیشنل میڈیکل سپرنٹنڈنٹ سول اسپتال ڈاکٹر روبینہ بشیر ہوں گی۔
Load Next Story