اسلام آباد ہائیکورٹ قبائلی علاقوں میں انٹرنیٹ سروس بحال کرنے کا حکم

سابقہ فاٹا میں تھری جی ،فور جی سروس بحال کر کے رپورٹ جمع کرائی جائے، پاکستان ٹیلی کمیونی کیشن اتھارٹی کو ہدایت


Numainda Express April 15, 2020
سابقہ فاٹا میں تھری جی ،فور جی سروس بحال کر کے رپورٹ جمع کرائی جائے، پاکستان ٹیلی کمیونی کیشن اتھارٹی کو ہدایت۔ فوٹو: فائل

اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس اطہرمن اللہ نے پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی کو ہدایت کی ہے کہ سابقہ فاٹا قبائلی علاقہ جات میں تھری جی فور جی سروس بحال کر کے رپورٹ عدالت میں جمع کرائی جائے۔

گزشتہ روز قبائلی علاقوں میں آن لائن کلاسز کیلئے3 جی اور4جی سروسز کی فراہمی کے کیس میں عدالت نے سیکریٹری آئی ٹی اور چیئرمین پی ٹی اے کو تحریری رپورٹ جمع کرانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ کیسے ہوسکتا ہے کہ پورے علاقے میں انٹرنیٹ کی سہولت ہی نہ ہو؟، کیا یہ سہولت ان علاقوں میں تھی ہی نہیں یا کسی وجہ سے بند ہے، انٹرنیٹ کی سہولت عوام کا بنیادی حق ہے۔

طالبعلم سید محمد کی جانب سے عبدالرحیم وزیر ایڈووکیٹ نے کہا کہ لاک ڈاؤن کی وجہ سے طلبہ گھروں میں محصور ہیں، پاکستان بھر کے طالبعلموں کوآن لائن کلاسز کیلئے انٹرنیٹ کی سہولت میسر ہے، انٹر نیٹ کی سہولت نہ ہونے سے پٹیشنر سمیت ہزاروں طلباء کا مستقبل ضائع ہونے کاخدشہ ہے۔

عدالت نے اپنے تحریری حکم میں کہا کہ انٹرنیٹ تک رسائی شہریوں کابنیادی آئینی حق ہے، آئین کاآرٹیکل 19 شہریوں کو اظہاررائے کی آزادی کا حق دیتاہے، عدالت نے کیس کی سماعت 20اپریل تک ملتوی کردی۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں