کورونا وائرس کی ویکسین کے بعد ہی دنیا معمول پر آسکے گی اقوام متحدہ

عالمی قوتوں کو مل کر ویکسین کی رواں برس کے آخر تک تیاری کے لیے پُرجوش کوشش کرنی چاہیئے، سیکریٹری جنرل یو این


ویب ڈیسک April 16, 2020
ویکسین کی دستیابی کے بعد کاروبار زندگی بحال ہوسکے گی، یو این سیکریٹری جنرل (فوٹو : فائل)

اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس نے کہا ہے کہ کورونا وائرس کی ویکسین کی ایجاد اور استعمال کے بعد ہی دنیا بھر میں معمولات زندگی بحال ہو پائے گی۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے مطابق سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس نے اقوام متحدہ کے 50 سے زائد افریقی ممالک کے نمائندوں سے ویڈیو کانفرنس کے ذریعے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کورونا وائرس کیخلاف محفوظ اور موثر ویکسین ہی کار گر ثابت ہوگی اورویکسین کے ذریعے وائرس کا خاتمہ کرکے ہی دنیا کی رونقوں کو پھر سے بھال کیا جا سکتا ہے۔

اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل نے مزید کہا کہ ویکسین کی فوری تیاری اور سب تک رسائی کے بعد ہی دنیا معمول پر آ سکے گی، اور کاروبار کی بندش سے ہونے والے کھربوں ڈالر اور لاکھوں زندگیوں کو بچانے کا بھی یہی واحد راستہ ہے۔

سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس نے ویکسین کی رواں برس کے آخر تک تیاری پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ہم سب کو مل کر ویکسین کی تیاری کے لیے پُر جوش کوشش کرنی چاہیئے کیوں کہ صرف ویکسین ہی دنیا بھر میں معمولات زندگی کو اپنی ڈگر پر واپس لا سکتی ہے۔

واضح رہے کہ دنیا بھر میں کورونا وائرس سے ایک لاکھ 26 ہزار 140 ہلاکتیں ہوئی ہیں جب کہ اس مہلک وائرس سے متاثر ہونے والوں کی تعداد 19 لاکھ 54 ہزار 724 ہوگئی ہے۔ دنیا بھر کے تقریباً ہر بڑے شہر میں لاک ڈاؤن ہے جس کی وجہ سے کاروبار زندگی ٹھپ ہے اور کھربوں ڈالر کا نقصان ہو رہا ہے۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں