نیب بدعنوان عناصر کیخلاف شواہد کی بنیاد پراقدامات اٹھانے پریقین رکھتا ہے چیئرمین نیب

میگا کرپشن کے تمام مقدمات میں جاری تحقیقات کو جلد از جلد منطقی انجام تک پہنچایا جائے، چیئرمین نیب کی ہدایت

میگا کرپشن کے تمام مقدمات میں جاری تحقیقات کو جلد از جلد منطقی انجام تک پہنچایا جائے، چیئرمین نیب کی ہدایت

چیئرمین نیب جسٹس ریٹائرڈ اقبال کا کہنا ہے کہ نیب بدعنوان عناصر کیخلاف صرف اور صرف میرٹ کی بنیاد پر اور ٹھوس شواہد کے حصول کے بعد ہی اقدامات اٹھانے پریقین رکھتا ہے۔

قومی احتساب بیورو (نیب) کے چیئرمین جسٹس جاوید اقبال نے نیب لاہور بیورو کا دورہ کیا جہاں ڈائریکٹرجنرل نیب لاہور کی سربراہی میں انہیں میگا کرپشن کیسز بالخصوص منی لانڈرنگ کے مقدمات و دیگر ہائی پروفائل کیسز پر کمبائینڈ انویسٹی گیشن ٹیموں کی جانب سے تحقیقات کے دوران ہونے والی پیش رفت پر جامع بریفنگ دی گئی۔

بریفنگ میں ڈپٹی پراسیکیوٹر جنرل اکاؤنٹیبلٹی کے علاوہ نیب لاہور کے دیگر سینئر افسران نے بھی شرکت کی۔ چیئر مین نیب نے بریفنگ میں شامل کیسز میں ہونے والی پیشرفت کو توجہ سے سنا اور انویسٹی گیشن ٹیموں کی راہنمائی میں ہدایات جاری کیں۔


چیئرمین نیب نے اپنے دورہ کے دوران نیب لاہور کے پراسیکیوشن ونگ کی کارکردگی کا بغور جائزہ لیا اور ونگ کے افسران کو محنت جاری رکھنے کی تلقین کی تاکہ بدعنوانی کے مقدمات میں دائر ریفرنسز کی آئین و قانون کی روشنی میں پیروی کی جاسکے جب کہ معزز عدالتوں میں زیرِ سماعت مقدمات کو احسن طریقے سے منطقی انجام تک پہنچایا جا سکے۔

جسٹس ریٹارئرڈ جاوید اقبال کا کہنا تھا کہ نیب کا معزز عدالتوں میں ملزمان کو سزائیں دلوانے کا تناسب 70 فیصد سے زائد ہے جو نیب کی پراسیکیوشن ٹیم کی انتھک محنت و کاوشوں کا شاخسانہ ہے، نیب آئین اور قانون کے مطابق اپنے فرائض سرانجام دینے پر یقین رکھتا ہے اور ملک سے بدعنوانی کے خاتمے کیلئے کام کرنے والا سب سے بڑا ومعتبرادارہ ہے جب کہ بدعنوان عناصر کیخلاف صرف اور صرف میرٹ کی بنیاد پر اور ٹھوس شواہد کے حصول کے بعد ہی اقدامات اٹھانے پریقین رکھتا ہے۔

چیئرمین نیب نے کہا کہ نیب کے کرپٹ عناصر کیخلاف اور ملک سے بدعنوانی کے خاتمے کیلئے اٹھائے گئے اقدامات کے مختلف معتبر قومی اور بین الاقوامی ادارے معترف ہیں جن میں ٹرانسپرینسی انٹرنیشنل، ورلڈ اکنامک فورم اور پلڈاٹ شامل ہیں، نیب لاہور بیورو کے دورہ کے موقع پر ہدایات جاری کیں کہ میگا کرپشن کے تمام مقدمات میں جاری تحقیقات کو جلد از جلد منطقی انجام تک پہنچایا جائے اور شواہد پر مبنی ریفرنسز معزز احتساب عدالتوں میں دائر کئے جائیں۔
Load Next Story