کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد 7025ہوگئی 135 افراد جاں بحق

پنجاب میں 3276، سندھ 2008، خیبر پختونخوا 993، بلوچستان 303، گلگت بلتستان 245، آزاد کشمیر 46، اسلام آباد میں 154 کیسز

پنجاب میں 3276، سندھ 2008، خیبر پختونخوا 993، بلوچستان 303، گلگت بلتستان 245، آزاد کشمیر 46، اسلام آباد میں 154 کیسز

ملک بھر میں کورونا وائرس کے مصدقہ مریضوں کی تعداد 7025 ہوگئی ہے جبکہ 135 افراد جاں بحق ہوچکے ہیں۔

دنیا بھر کی طرح پاکستان میں بھی کورونا کے وار جاری ہیں۔ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کی جانب سے جاری اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 497 نئے کیسز رپورٹ ہوئے جس کے بعد کورونا کے مصدقہ مریضوں کی تعداد 7025 ہوگئی ہے جب کہ 1765 مریض صحت یاب ہوچکے ہیں۔

اعداد و شمار کے مطابق پنجاب میں سب سے زیادہ 3276 اور سندھ میں 2008 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں، اس کے علاوہ خیبر پختونخوا میں 993، بلوچستان میں 303،گلگت بلتستان میں 245، آزاد کشمیر 46 جب کہ اسلام آباد سے 154 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔

اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا کا شکار 11 افراد دم توڑ گئے۔ سندھ میں 45، پنجاب 36، خیبر پختونخوا 45، بلوچستان میں 5، گلگت بلتستان میں 3 جب کہ اسلام آباد میں ایک مریض جاں بحق ہوا ہے۔

کورونا وائرس سے متاثرہ علاقے مکمل بند کرنے کا فیصلہ

وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کا کہنا ہے کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کراچی سے 77 کورونا کیسز رپورٹ ہوئے جب کہ 48 گھنٹوں میں کراچی کے مختلف علاقوں سے 147 کورونا کے کیسز رپورٹ ہوئے، 6 اضلاع میں 30 سے زائد علاقے ہاٹ اسپاٹ ہیں۔

مراد علی شاہ نے کہا کہ سب سے زیادہ 30 کورونا کیس ضلع جنوبی سے رپورٹ ہوئے جب کہ ضلع شرقی سے 24 گھنٹوں کے دوران 16 افراد میں کورونا کیسز کی تصدیق ہوئی، ضلع وسطی میں مزید 11 اور ضلع غربی میں 8 افراد کورونا کا شکار ہوئے، ملیر میں 6 اور کورنگی میں بھی 6 افراد میں کورونا وائرس رپورٹ ہوا ہے۔

وزیراعلیٰ نے کراچی میں کورونا وباء سے متاثرہ علاقوں کو مکمل بند کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے کہا کہ ہاٹ اسپاٹ ایریاز کو مکمل بند کیے بغیر وائرس کو پھیلنے سے نہیں روک سکتے۔ انہوں نے حکام کو ہدایت دی کہ ہاٹ اسپاٹ ایریاز میں کورونا ٹیسٹ کی تعداد بڑھائی جائے۔

فیس ماسک پہننا لازمی قرار

کمشنر کراچی افتخار شالوانی نے کورونا وائرس کی روک تھام کے لیے احتیاطی تدابیر سے متعلق حکم نامہ جاری کیا ہے جس میں ملازمت،کام کی جگہ، کاروباری اور صنعتی مقام پر داخلے سے قبل ملازمین کے طبی معائنے کی ہدایت جاری کی گئی ہے۔

حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ کھانسی، بخار، نزلہ زکام کی شکایت ہونے کی صورت میں ملازمین کا کاروبار اور کار گاہوں میں داخلہ ممنوع ہوگا۔ عملے کے کسی بھی فرد میں کورونا وائرس کی علامات ظاہر ہونے کی صورت میں فوری اسپتال منتقل کیا جائے گا۔

کمشنر کراچی کے جاری کردہ حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ گھر سےباہر نکلنے والےافراد پر فیس ماسک کا استعمال لازمی ہوگا۔

سندھ حکومت کا رمضان بچت بازار نہ لگانے کا فیصلہ

وزیر زراعت محمد اسماعیل راہو نے کہا ہے کہ رمضان بچت بازار لگانے سے عوام کا بازاروں میں ہجوم بڑھ جائے گا جس کی وجہ سے کورونا وائرس مزید پھیلنے کا امکان ہے اس لیے حکومت نے شہریوں کی حفاظت کے پیش نظر اس بار بچت بازارنہ لگانے کافیصلہ کیا ہے۔


انہوں نے کہا کہ منڈیوں سے دکانوں اوراسٹالوں پرپھلوں اور سبزیوں کی ترسیل یقینی بنائی جائیگی، ماہ رمضان میں شہری سرکاری مقرر قیمت پر آن لائن سبزی اور پھل بھی منگوا سکتے ہیں،صوبے کی تمام سبزی منڈیو ں میں بھی مزید سختی کرنے کی ہدایت کردی ہے اور ذخیرہ اندوزوں اور منافع خوروں کیخلاف پرائز مجسٹریٹس سخت کارروائی کریں گے۔

 

وزیراعظم کا بیرون ملک پاکستانیوں کی کورونا سے اموات پر اظہار افسوس

وزیراعظم عمران خان نے ٹوئٹ کرتے ہوئے کہا کہ بیرون ملک بسنے اور کام کرنے والے لاتعداد پاکستانیوں کی کرونا کے باعث اموات کی اطلاع پر میں بےحد رنجیدہ ہوں۔ بہت سے پاکستانی تو وبا کیخلاف عالمی جنگ کے دوران اگلے مورچوں پر لڑتے لڑتے موت کی آغوش میں چلے گئے، میری تمام تر دعائیں اور ہمدردیاں انکے اہل خانہ کے ساتھ ہیں۔

لاک ڈاؤن کی خلاف ورزی کرنیوالے دولہا کو شادی مہنگی پڑ گئی

کراچی پولیس لاک ڈاؤن کی خلاف ورزی کرتے ہوئے شادی کی تقریب پر چھاپہ مار کر دولہا سمیت 3 افراد کو گرفتار کر کے مقدمہ درج کرلیا۔ ملیر جناح اسکوائر کے قریب بنگلوز کی گلی میں خاموشی سے شادی کی تقریب منعقد کی جا رہی تھی اور اس حوالے سے شامیانے، قناعتیں اور کرسیاں لگائی گئی ہیں جس پر انھوں نے فوری طور پر پولیس کی نفری کے ہمراہ مذکورہ مقام پر چھاپہ مار کر دولہا وقار سمیت 3 افراد کو گرفتار کر کے مقدمہ درج کر لیا۔

مساجد میں نمازیوں کی تعداد محدود کرنے کیخلاف درخواست مسترد

سندھ ہائی کورٹ نے لاک ڈاؤن کے دوران مساجد میں نمازیوں کی تعداد محدود کرنے کے خلاف درخواست ناقابل سماعت قرار دیتے ہوئے مسترد کردی۔ عدالت نے ریمارکس دیے کہ انسانی زندگی کو محفوظ رکھنے کے لیے حکومت اپنے اختیارات استعمال کررہی ہے، عدالت پالیسی معاملات میں مداخلت نہیں کرسکتی۔

دنیا بھر میں 1 لاکھ 52 ہزار سے زائد اموات

دنیا میں کورونا وائرس کےمریضوں کی تعداد 22لاکھ 23 ہزار سے تجاوز کر گئی اور 1 لاکھ 52 ہزار سے زائد اموات ہوچکی ہیں جب کہ 5 لاکھ 67 ہزار 279 متاثرین صحت یاب ہوگئے ہیں۔

کورونا وائرس اور احتیاطی تدابیر:

کورونا وائرس کے خلاف یہ احتیاطی تدابیر اختیار کرنے سے اس وبا کے خلاف جنگ جیتنا آسان ہوسکتا ہے۔ صبح کا کچھ وقت دھوپ میں گزارنا چاہیے، کمروں کو بند کرکے نہ بیٹھیں بلکہ دروازہ کھڑکیاں کھول دیں اور ہلکی دھوپ کو کمروں میں آنے دیں۔ بند کمروں میں اے سی چلاکر بیٹھنے کے بجائے پنکھے کی ہوا میں بیٹھیں۔

سورج کی شعاعوں میں موجود یو وی شعاعیں وائرس کی بیرونی ساخت پر اُبھری ہوئی پروٹین کو متاثر کرتی ہیں اور وائرس کو کمزور کردیتی ہیں۔ درجہ حرارت یا گرمی کے زیادہ ہونے سے وائرس پر کوئی اثر نہیں ہوتا لیکن یو وی شعاعوں کے زیادہ پڑنے سے وائرس کمزور ہوجاتا ہے۔

پانی گرم کرکے تھرماس میں رکھ لیں اور ہر ایک گھنٹے بعد آدھا کپ نیم گرم پانی نوش کریں۔ وائرس سب سے پہلے گلے میں انفیکشن کرتا ہے اور وہاں سے پھیپھڑوں تک پہنچ جاتا ہے، گرم پانی کے استعمال سے وائرس گلے سے معدے میں چلا جاتا ہے، جہاں وائرس ناکارہ ہوجاتا ہے۔
Load Next Story