مختلف سیاسی رہنماؤں کا دورہ ایکسپریس سے اظہار یکجہتی

اسمبلی میں آواز اٹھاؤنگا، رضا عابدی، ملوث افراد کو گرفتار کیا جائے، عارف علوی


Staff Reporter December 03, 2013
ایکسپریس میڈیا گروپ پر حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہیں،سیاسی رہنما۔ فوٹو : ایکسپریس

ایکسپریس میڈیا گروپ کے دفتر پر حملے کے بعد مختلف سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں نے دفتر کا دورہ کیا اور حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کی۔

رہنماؤں کا کہنا تھا کہ ایکسپریس میڈیا گروپ پر حملہ آزادی صحافت پر حملہ ہے ، حملے کے خلاف قومی اسمبلی میں آواز اٹھائی جائے گی ، تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز ایکسپریس میڈیا گروپ کے دفتر پر نامعلوم افراد نے حملہ کیا جس کے بعد مختلف سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں نے دفتر کا دورہ کیا ۔



متحدہ قومی موومنٹ سے تعلق رکھنے والے رکن قومی اسمبلی علی رضا عابدی نے دورے کے موقع پر کہا کہ حملے کے خلاف اسمبلی میں آواز اٹھائی جائے گی ، کسی کو بھی میڈیا کی آزادی سلب کرنے کی اجازت نہیں دی جاسکتی ، تحریک انصاف کے رہنما ڈاکٹر عارف علوی نے بھی دورہ کیا اور اپنے بھرپور تعاون کا یقین دلایا ۔



انھوں نے کہا کہ واقعے میں ملوث افراد کو فوری طور پر گرفتار کیا جائے ، عوامی نیشنل پارٹی کے رہنما بشیر جان کا کہنا تھا کہ دہشت گرد حق کی آواز دبانا چاہتے ہیں ، ایکسپریس میڈیا گروپ پر حملہ آزادی صحافت پر حملہ ہے ، عوامی نیشنل پارٹی حملے کی شدید مذمت کرتی ہے ۔

مسلم لیگ ن کے رہنما نہال ہاشمی نے کہا کہ پہلے حملے کے بعد تو دفتر پر سیکیورٹی زیادہ کی جانی چاہیے تھی ، اس بات کی بھی تحقیقات ہونی چاہیے کہ پہلے حملے کے بعد تعینات کی گئی پولیس موبائل کیوں ہٹائی گئی تھی، مسلم لیگ ق کے رہنما حلیم عادل شیخ نے کہا کہ ایکسپریس میڈیا گروپ پر حملہ کرکے سچ کی آواز کو دبایا نہیں جاسکتا۔



ہم ایکسپریس میڈیا گروپ پر حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہیں ۔علاوہ ازیں جماعت اسلامی کراچی کے امیر حافظ نعیم الرحمن اور سی پی ایل سی کے سربراہ احمد چنائے نے بھی ایکسپریس کے دفتر کا دورہ کیا ۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں