ملک کو درپیش چیلنجز کا مردانہ وار مقابلہ کرینگے جنرل راحیل

جنرل راحیل نے جی ایچ کیومیں شہدا کی یادگارپر پھولوںکی چادرچڑھائی اورفاتحہ پڑھی،چاق وچوبند دستے نے گارڈ آف آنر پیش کیا

پرنسپل اسٹاف افسران کی ملاقاتیں،داخلی وخارجی سلامتی کے امور، دہشتگردی کیخلاف جنگ سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی گئی فوٹو : آن لائن

چیف آف آرمی اسٹاف جنرل راحیل شریف نے باضابطہ طور پر اپنی ذمے داریاں سنبھال لیں،انھوں نے جی ایچ کیومیں شہدا کی یادگارپر پھولوں کی چادرچڑھائی اورفاتحہ پڑھی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف کے جی ایچ کیوپہنچنے پرسادہ اور پروقار تقریب منعقدہوئی،اس موقع پر پاک فوج کے ایک چاق وچوبند دستے نے جنرل راحیل شریف کوگارڈ آف آنر پیش کیاجنھوں نے پریڈ کا معائنہ کیا،بعدازاں جی ایچ کیو کے پرنسپل اسٹاف افسران نے بری فوج کے نئے سربراہ سے ملاقات کی،پاک فوج کے سربراہ کو جی ایچ کیو میں چیف آف آرمی اسٹاف سیکریٹریٹ کے مختلف اسٹاف اور افسران سے تعارف کرایا گیا جبکہ نئے چیف آف جنرل اسٹاف لیفٹینٹ جنرل اشفاق ندیم جن کا بھی آفس میں پہلا دن تھا کی طرف سے آرمی چیف کو تفصیلی بریفنگ دی گئی ۔




جبکہ بریفنگ سے قبل نئے چیف آف اسٹاف لیفٹیننٹ جنرل اشفاق ندیم احمد نے بھی اپنے عہدے کا چارج سنبھال لیا۔ آرمی چیف کو چیف آف جنرل اسٹاف کی طرف سے دی جانے والی بریفنگ میں پرنسپل افسران، جی ایچ کیو کے مخلتف شعبوں کے سربراہان اوردیگر اعلیٰ فوجی حکام شریک تھے۔ جنرل راحیل شریف کو ملک کے داخلی و خارجی سلامتی کے امور، پاک افغان اور پاک بھارت تعلقات، نیشنل سیکیورٹی پالیسی سمیت لائن آف کنٹرول اوردہشت گردی کے حوالے سے جاری جنگ سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ ذرائع کے مطابق آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے بریفنگ لینے کے بعد اس امر کا اظہار کیا کہ ملک کودرپش تمام ترچیلنجز کا مردانہ وار مقابلہ کیا جائے گا جبکہ پاک فوج کی آپریشنل تیاریوں سمیت پشہ وارانہ امور میں مزید بہتری لائی جائے گی۔
Load Next Story