سندھ حکومت کا چھوٹے تاجروں کو کاروبار کی مشروط اجازت دینے کا فیصلہ

ہفتے کے دن بانٹ لیتے ہیں کہ کس دن کس سیکٹر کی دکانیں کھلیں گی، وزیر اعلیٰ سندھ کی تجویز


ویب ڈیسک April 18, 2020
چھوٹے تاجر ہوم ڈلیوری سروس کے تحت کام کرسکیں گے، ذرائع فوٹو: فائل

سندھ حکومت نے چھوٹے تاجروں کو کاروبار کی مشروط اجازت دینے کا فیصلہ کیا ہے۔

ترجمان وزیراعلی سندھ کے مطابق وزیراعلٰی ہاؤس کراچی میں صوبے کی تاجر تنظیموں کے نمائندوں نے وزیر اعلیٰ سندھ سے ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران کاروباری سرگرمیوں پر لاک ڈاؤن کے اثرات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ سندھ کے تمام چھوٹے تاجروں کو محصولات کی مد میں آسانیاں دیں گے، صوبائی محصولات کی وصولی میں درجہ بندی کے اعتبار سے مراعات دی جائے گی۔ چھوٹے تاجروں کو آسان شرائط پر قرضے دلانے کے لیے بھی وفاقی حکومت سے بات کروں گا۔

وزیراعلٰی سے ملاقات کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے تاجر وفد نے کہا کہ ایک ماہ سے زائد عرصہ ہوگیا ہم گھروں میں بند ہیں وزیرعلیٰ سندھ مراد علی شاہ سے مثبت ملاقات ہوئی اور انہوں نے اچھے انداز میں یقین دہانی کرائی، انہوں نے آن لائن کاروبار کی بات کی، وزیراعلیٰ نے کہا کہ پیر تک ضابطہ کار دے دیئے جائیں گے، امید ہے جلد کراچی میں مارکیٹیں کھلیں گی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ملاقات میں کاروباری سرگرمیوں سے متعلق اہم فیصلے کئے گئے، جس کے تحت چھوٹے تاجر ہوم ڈلیوری سروس کے تحت کام کرسکیں گے، وزیراعلیٰ سندھ نے تجویز دی کہ ہفتے کے دن بانٹ لیتے ہیں کہ کس دن کس سیکٹر کی دکانیں کھلیں گی، جس دن کپڑے کی دکانیں کھلیں اسی دن درزی اور ان سے منسلک دکانیں کھلیں گی، اسی طرح جس دن اے سی کی دکانیں کُھلیں گی اسی دن الیکٹریشنز اور اے سی لگانے والوں کی دکانیں بھی کھلیں گی۔ انہوں نے صوبائی وزرا پر مشتمل کمیٹی قائم کردی، جس میں سعید غنی، ناصر شاہ اور امتیاز شیخ شامل ہوں گے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں