کرکٹ کے مسٹر بین ہیکل اور جیکل کون بحث چھڑ گئی

شعیب اختر، یوسف اور سکندر بخت اپنی طرف اشارہ سمجھ کر آفریدی پر برس پڑے

شعیب اختر، یوسف اور سکندر بخت اپنی طرف اشارہ سمجھ کر آفریدی پر برس پڑے۔فوٹو:فائل

RAWALPINDI:
کرکٹ کے مسٹر بین، ہیکل اور جیکل کون ہیں؟ اس حوالے سے بحث چھڑ گئی ہے، نجی ٹی وی پر تبصرے کرنے والے سابق اسٹارزشعیب اختر اور محمد یوسف جبکہ سابق پیسر سکندر بخت اپنی طرف اشارہ سمجھ کر شاہد آفریدی پر برس پڑے۔

شعیب اختر نے کہاکہ ہم نے آل رائونڈر کے خلاف بات کرنے کے بجائے کرکٹ کے بارے میں ہی تبصرے کیے،پاکستانی ٹیم کو جس سے نقصان پہنچا ہم اس کیخلاف ضرور بات کریں گے، سابق کپتان محمد یوسف کے مطابق شاہد آفریدی کا کیریئر اب اختتام کو ہے، ان کی بات نظرانداز کر دینی چاہیے۔ تفصیلات کے مطابق جنوبی افریقہ سے وطن واپس کے بعد میڈیا سے بات چیت میں شاہد آفریدی نے نام لیے بغیر میڈیا میں کام کرنے والے بعض مبصرین کے خلاف دل کی بھڑاس نکالی تھی اور انھیں مسٹر بین و کارٹون کریکٹر ہیکل اینڈ جیکل کہا تھا۔ آل رائونڈر کے اس تندوتیز بیان کو بعض سابق ٹیسٹ کرکٹرز اپنی جانب اشارہ سمجھ کر چراغ پا ہو گئے۔




سابق ٹیسٹ کرکٹر شعیب اختر نے نجی ٹی وی سے بات چیت میں کہا کہ پورے کیریئر کے دوران ہمیشہ مجھ پر تنقیدہوتی رہی لیکن میں نے ان باتوں پر کان دھرنے کے بجائے اپنی پرفارمنس پر توجہ دی، ہم نے کوئی ایسی بات کی ہی نہیں جو شاہد آفریدی کو ناگوار گزرے، سچ تو یہ ہے کہ ہم نے ہمیشہ انھیں سپورٹ کیا، البتہ پاکستانی ٹیم کو نقصان پہنچایا گیا تو میڈیا میں آ کر تبصرہ کریں گے۔ایک سوال پر شعیب اختر نے کہا کہ شاہد آفریدی ایک روزہ اور ٹوئنٹی20 کرکٹ کا بہترین بولر ہے اور اسے سری لنکا کیخلاف سیریز کا حصہ ہونا چاہیے، ماضی کے فاسٹ بولر نے مزید کہا کہ محمد حفیظ اور شاہد آفریدی میں سے کسی ایک کی ٹیم میں جگہ بنتی ہے، حکام کو اب یہ سوچنا ہوگا کہ دونوں آل رائونڈرز میں سے کس کو کھلایا جائے۔ سابق کپتان محمد یوسف نے کہا کہ شاہد آفریدی کا کرکٹ کیریئر ختم ہونے کے قریب ہے، ان کی بات کو نظر انداز کر دینا چاہیے،انھوں نے نوجوان کھلاڑیوں کو تنبیہ کرتے ہوئے کہا کہ وہ شاہدآفریدی کو فالو نہ کریں ورنہ ان کا کیریئر تباہ ہوجائے گا۔ سابق پیسر سکندر بخت نے بھی آل رائونڈر شاہد آفریدی کے بیان پر ناراضی کا اظہار کیا۔
Load Next Story