سندھ بھر میں خواتین اور بچوں پر بھی ڈبل سواری کی پابندی عائد

گزشتہ تمام استثنیٰ ختم، کسی بھی صورت ڈبل سواری کی اجازت نہیں دی جائے گی، محکمہ داخلہ سندھ

موٹر سائیکل کی ڈبل سوار ی کی کسی بھی صورت اجازت نہیں دی جائے گی، کراچی پولیس چیف ۔ فوٹو:فائل

KARACHI:
محکمہ داخلہ سندھ کی جانب سے ترمیمی حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ ڈبل سواری پر ہر طرح کی پابندی عائد کردی گئی ہے، اس سے کوئی بھی مستثنیٰ نہیں۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق محکمہ داخلہ سندھ نے موٹر سائیکل کی ڈبل سواری سے متعلق ترمیمی حکم نامہ جاری کردیا ہے، جس کے تحت خواتین کے ہمراہ بھی موٹر سائیکل کی ڈبل سواری پر پابندی عائد کردی گئی ہے اور کہا گیا ہے کہ کسی بھی صورت خواتین اور بچوں کے ہمراہ موٹر سائیکل کی ڈبل سواری کی اجازت نہیں ہوگی۔


محکمہ داخلہ سندھ کا کہنا ہے کہ صوبائی حکومت کی جانب سے یہ فیصلہ فیملیز کی جانب سے موٹر سائیکل کی ڈبل سواری کےغیر ضروری استعمال کی شکایات پر کیا گیا ہے۔ عوام سے بھی اپیل ہے کہ وہ اس قانون کی پابندی کو ملحوظ خاطر رکھتے ہوئے پولیس و انتظامیہ سے مکمل تعاون کریں تاکہ وہ کسی بھی غیر معمولی صورتحال سے بچ سکیں۔

دوسری جانب کراچی پولیس چیف غلام نبی میمن نے پولیس افسران کو ہدایت جاری کی ہیں کہ محکمہ داخلہ سندھ کی جانب سے جاری کردہ حکم نامے کے تحت موٹر سائیکل پر ہر طرح کی ڈبل سواری پر پابندی عائد کی گئی ہے، اور اس حوالے سے حکومت سندھ کی جانب سے گزشتہ تمام استثنیٰ ختم کر دی گئی ہے۔

غلام نبی میمن نے کہا ہے کہ اب موٹر سائیکل کی ڈبل سوار ی کی کسی بھی صورت اجازت نہیں دی جائے گی، کراچی پولیس چیف نے تمام پولیس افسران و ملازمین کو ہدایت جاری کی ہے کہ وہ اس پابندی پر سختی سے عمل درآمد کو یقینی بنائیں اور خلاف ورزی کے مرتکب افراد کے خلاف ضابطے کی کارروائی عمل میں لائی جائے۔
Load Next Story