چین نےکورونا کا پھیلاؤ جان بوجھ کرکیا ہے تو اسےنتائج کا سامنا کرنا پڑے گا امریکی صدر

چین اس وائرس کو دنیا بھر میں پھیلنے سے روک سکتا تھا لیکن ایسا نہیں کیا گیا، ڈونلڈ ٹرمپ 


ویب ڈیسک April 19, 2020
چین اس وائرس کو دنیا بھر میں پھیلنے سے روک سکتا تھا لیکن ایسا نہیں کیا گیا، ڈونلڈ ٹرمپ 

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا ہے کہ چین نے اگر کورونا وائرس کا پھیلاؤ جان بوجھ کر کیا ہے تو پھر وہ نتائج کا سامنا کرنے کے لیے تیار رہے۔

غیر ملکی خبررساں ادارے کے مطابق وائٹ ہاؤس میں نیوز کانفرنس کے دوران امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کورونا وبا کے دنیا بھر میں پھیلاؤ سے متعلق چین کو خبردار کرتے ہوئے کہا کہ اگر کورونا وائرس کے پھیلاؤ کی ذمہ داری چین پر ثابت ہوئی تو اسے نتائج کا سامنا کرنا پڑے گا۔

امریکی صدر کا کہنا تھا کہ کورونا وائرس کو آغاز سے قبل ہی چین میں ہی روکا جاسکتا تھا لیکن ایسا نہیں کیا گیا اور اس وبا سے پوری دنیا متاثر ہورہی ہے، اب یہ چین کی غلطی تھی یا جان بوجھ کر ایسا کیا گیا البتہ اگر یہ غلطی تھی اور چین سب کچھ جانتے ہوئے اس کا ذمہ دار ہے تو اس کو نتائج بھگتنا پڑیں گے۔

اس سے قبل امریکی وزیرخارجہ سمیت دیگر حکام بھی کورونا وائرس کا ذمہ دار چین کو قرار دے چکے ہیں اور اس حوالے سے تحقیقات کا بھی اعلان کیا تھا۔

واضح رہے امریکا میں کورونا وائرس سے متاثرین کی تعداد دنیا بھر میں سب سے زیادہ ہے جہاں اب تک 7 لاکھ 20 ہزار افراد متاثر اور 37 ہزار سے زائد ہلاک ہوچکے ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔