جاوید اقبال متنازع شخصیت ہیں نیب سربراہ رہنے کا حق نہیں ترجمان ن لیگ پنجاب

طیبہ گل کے ساتھ ویڈیو لیک ہونے پر چیئرمین نیب کو اخلاقی طور پر عہدے سے الگ ہوجانا چاہیے تھا، عظمیٰ بخاری


ویب ڈیسک April 19, 2020
طیبہ گل کے ساتھ ویڈیو لیک ہونے پر چیئرمین نیب کو اخلاقی طور پر عہدے سے الگ ہوجانا چاہیے تھا، عظمیٰ بخاری

مسلم لیگ (ن) پنجاب کی ترجمان عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ چیرمین نیب جسٹس (ر) جاوید اقبال متنازع شخصیت ہیں جنہیں نیب سربراہ رہنے کا حق نہیں۔

عظمیٰ بخاری نے ایک بیان میں نیب کی جانب سے بار بار شہبازشریف کو طلبی کے نوٹسز بھیجنے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ نیب آٹا چوروں اور چینی چوروں کو نوٹسز کیوں نہیں جاری کررہا؟، اب جہانگیرترین کا بجلی کی مد میں اربوں کا چونا لگوانے والوں میں بھی نام آگیا ہے، حمزہ شہباز تین سو دنوں سے نیب کے عقب خانے میں قید ہیں، لیکن تین سو دن بعد بھی نیب حمزہ شہباز کےخلاف ایک بھی ثبوت عدالت میں پیش نہیں کرسکا۔

عظمیٰ بخاری نے کہا کہ مالم جبہ کیس میں کے پی کے وزیر اعلیٰ محمود خان ایک بار نیب یاترا کے بعد پاکدامن ہو گئے ہیں، چیئرمین نیب نے ہیلی کاپٹر کیس میں عمران خان کو کلین چٹ دے دی ہے؟۔

ترجمان (ن) لیگ پنجاب کا کہنا تھا کہ نیب اپنے اخلاقی اور قانونی اختیارات سے تجاوز کرتے ہوئے پریس ریلیز جاری کررہا ہے، اس معاملے میں حکومت کی بے بسی کا باخوبی اندازہ لگایا جا سکتا ہے۔

عظمیٰ بخاری نے کہا کہ ایک متنازعہ شخص کو احتساب کے ادارے کا سربراہ رہنے کا کوئی حق نہیں، طیبہ گل کے ساتھ ویڈیو لیک ہونے پر چیئرمین نیب کو اخلاقی طور پر عہدے سے الگ ہوجانا چاہیے تھا، ایک ویڈیو سکینڈل میں ملوث جج کو عہدے سے ہٹادیا گیا، لیکن دوسرے ویڈیو سکینڈل میں ملوث چیئرمین نیب ابھی بھی اپنے عہدے پر برجمان ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔