لاک ڈاؤن موٹر سائیکل مکینک نے آن کال ہوم سروس شروع کردی

لئیق کام کے دوران کوروناوائرس سے بچنے کیلیے ماسک کااستعمال اورسینٹائزرہمراہ رکھتے ہیں،سماجی فاصلہ ان کے کام کا اصول ہے


عامر خان April 20, 2020
دکان3ہفتے بندرہی،کھانے کوکچھ نہ رہاتو دکان سے اوزارلے آیا،جاننے والوںکومیسج پربتایاکہ بائیک کی ہوم سروس کرائیں

کورونا وائرس کی وبا سے پاکستان سمیت دنیا بھر میں لاک ڈاؤن کے دوران جہاں لاکھوں افراد بے روزگار ہوئے ہیں وہاں یہ وبا کراچی کے ایک نوجوان موٹرسائیکل مکینک ''ببلواستاد'' کا روزگار متاثر نہیں کرسکی، ان حالات میں جہاں عوام بے روزگاری کی وجہ سے راشن اور پیسوں کے لیے محتاج ہوگئے ہیں۔

وہاں یہ ہونہار نوجوان موبائل کال پر خراب موٹرسائیکلوں کی مرمت کے لیے ہوم سروس فراہم کررہا ہے، 12گھنٹے محنت کرکے اپنے اہل خانہ کی کفالت کافریضہ سرانجام دے رہاہے ببلو استاد کام کے دوران کورونا وائرس سے بچنے کے لیے ماسک کا استعمال اور سینٹائزر ہمراہ رکھتے ہیں سماجی فاصلہ ان کے کام کا پہلا اصول ہے اس حوالے سے لیاقت آباد کے نوجوان سید لئیق علی عرف ببلو استاد نے ایکسپریس سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا ہے کہ کورونا وائرس سے بچاؤ کے لیے لاک ڈاؤن کا حکومتی فیصلہ اچھا اقدام ہے اس وقت انسانی زندگی محفوظ بنانا سب سے بڑی خدمت ہے، لاک ڈاؤن کی وجہ سے میری موٹرسائیکل مکینک کی دکان بند ہوئے آج 3 ہفتے سے زیادہ گزرچکے ہیں۔

شروع کے دو دن گھر پر رہا لیکن ہم روز کمانے اور روز کھانے کے اصول کے مطابق زندگی گزرتے ہیں اس لیے ہمارے پاس بچت نہیں ہوتی، ببلو استاد نے بتایا کہ تیسرے روز خرچے کے پیسے نہیں تھے میں نے دکان کھول کر ضروری اوزار نکل لیے اور گھر لے آیا میں نے اپنے جاننے والوں کو میسج پر اطلاع دی کہ جن کی موٹرسائیکل میں خرابی ہے وہ ہوم سروس کے ذریعے مجھ سے رابطہ کرسکتے ہیں،اس میسج کے بعد خدا کا کرم ہے کہ کام بہترین طریقے سے شروع ہوگیا اور روز کے500 سے 1000روپے کمالیتا ہوں اس لیے میں کہہ سکتا ہوں کہ کورونا کی وجہ سے میرا روزگار متاثر نہیں ہوا اور نہ ہی مجھے کسی مدد لینے کی ضرورت پڑی۔

لاک ڈاؤن میں بائیک خراب ہونے پر پریشانی زیادہ ہوتی ہے
کراچی کی سڑکوں پر گڑھے بہت ہیں،جس کی وجہ سے موٹرسائیکل کے وہیل کے بیرننگ، جمپ اور چین اسپاکٹ میں خرابی پیدا ہوتی ہے، یہ ببلو مکینک نے گفتگو میں بتائی انھوں نے بتایا کہ اس وقت سڑکوں پرلاک ڈاؤن کی وجہ سے ٹریفک بہت کم ہے، مکینک نہ ہونے کی وجہ اگرکسی کی موٹرسائیکل خراب ہوجائے تو اس کو بہت مشکل ہوتی ہے۔

وہ بہت مشکل سے گھر پہنچتا ہے انھوں نے کہا کہ اگر انسان کے پاس عقل ہو تو وہ کسی بھی حالت میں روزگار سے محتاج نہیں ہوسکتا، بس حالات کی وجہ سے کام کرنے کا طریقہ تبدیل کرکے اپنے روزگار کو محفوظ بنایا جاسکتا ہے انھوں نے کہا کہ موٹرسائیکل سواروں کو چاہیے کہ جن کی بائیکوں کی رننگ زیادہ ہے وہ فوری آئل تبدیل کرائیں ورنہ انجن سیز ہوسکتا ہے، انھوں نے بتایا کہ اس وقت تمام میکنک پریشان ہیں آج کچھ دکانیں کھلی تھیں جن کو انتظامیہ نے دوبارہ بند کرادیں اب دعا ہے کہ جلد مارکیٹ کھل جائے تاکہ ہمارا روزگار بحال ہو، انھوں نے بتایا کہ ہم حکومتی اعلان کردہ احتیاطی تدابیر (ایس اوپیز) کے مطابق اپنا کام کرنے کیلیے تیار ہیں۔

بائیک کے اسپیئرپارٹس کیقیمت میں 30فیصداضافہ ہوگیا
اس وقت موٹرسائیکل کی ٹیوننگ اور دیگر معمولی کاموں کے لیے بھی سامان کا حصول انتہائی مشکل ہے جہاں کئی سے سامان مل بھی رہاہے اس کی قیمت میں 30فیصد اضافہ ہوگیا ہے،اس وقت میں لوگوں کے گھروں پر جاکر موٹرسائیکل مرمت کررہاہوں یا گاہک میرے گھر کے پاس آجاتا ہے تو میں اپنی گلی میں درخت کے سائے میں کام کردیتا ہوں۔

تاہم ان حالات میں عام دنوں کی نسبت مزدوری کام کے حساب سے 50فیصد زیادہ چارج کی جاتی ہے کیونکہ دکان کھلی ہونے کی وجہ سے پہلے تو مارکیٹ سے سامان مل جاتا تھا،اب تو پہلے میں سامان لاتا ہوں پھر موٹرسائیکل کی مرمت کرتا ہوں،10 سے 12گھنٹے محنت کرکے 3 سے 5 موٹرسائیکل میں موجود خرابی دور کرلیتا ہوں۔

لاک ڈائون میں شہری بائیکس مرمت نہیں کرارہے ہیں
ببلو استاد نے بتایا کہ بائیک کی مرمت کا کام اکیلا مکینک نہیں کرسکتا اس کے ساتھ ڈینٹ، پینٹ، الیکڑیشن، ویلڈنگ، بریک شو، جمپ، ویل تھرو، آٹوز (سامان کی ترسیل) سمیت مختلف افراد کا کام جڑا ہوتا ہے، کورونا کی وبا کی وجہ سے شہر میں موٹرسائیکل مکینک کی اکثر دکانیں بند ہیں، مکینک تلاش کرنا ایک مشکل کام ہے اس صورتحال میں عوام میں کے پاس پیسہ نہیں ہے اس لیے موٹرسائیکل کی زیادہ خرابی کو درست کرانے میں دلچسپی نہیں لے رہے ہیں اس وقت شہریوں کی اکثریت گھروں پر ہے اس لیے جو شہری موٹرسائیکل استعمال کررہے ہیں وہ صرف موٹرسائیکل زیادہ چلنے کی وجہ سے انجن کی آئل،انجن کی معمولی ٹیوننگ، وھیل کے بیرنگ، چین کی درستگی کام کرارہے ہیں، ببلو نے بتایا کہ موٹر سائیکل کے خراب مکمل انجن کی مرمت اور دیگر امور کے کام اس ہی وقت ممکن ہے جب دکان مکمل کھلنے کی اجازت ہوگی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں

رائے

شیطان کے ایجنٹ

Nov 24, 2024 01:21 AM |

انسانی چہرہ

Nov 24, 2024 01:12 AM |