سرکاری اداروں نے پی ایس او کے ایک کھرب سے زائد دبا لئے ادارہ مالی بحران کا شکار ہوگیا

واپڈا نے پی ایس اوکے 82ارب 32کروڑ20لاکھ روپے جبکہ پی آئی اے نے 7ارب 10کروڑروپے دینے ہیں، مراسلہ۔

بروقت ادائیگیاں نہ ہوئیں تو کئی اداروں کوتیل کی فراہمی روکنا پڑجائے گی۔ ۔فوٹو: فائل

پاکستان اسٹیٹ آئل کی جانب سے وفاقی وزارت خزانہ کو بھیجی گئی رپورٹ کے مطابق مختلف اداروں نے پی ایس اوکے ایک کھرب 38ارب 51کروڑروپے دبا ئے ہوئے ہیں جس کی وجہ سے ادارہ مالی بحران کا شکار ہو گیا ہے۔


ایکسپریس نیو زکے مطابق وفاقی وزارت خزانہ کوموصول ہونے والی رپورٹ کے مطابق پاکستان اسٹیٹ آئل نے سرکاری اداروں سے بقایاجات کی وصولی کیلئے ایک بارپھر مراسلے جاری کردیئے ہیں۔ سرکاری اداروں کی جانب سے پی ایس او کو عدم ادائیگی کی وجہ سے ادارہ شدیدمالی مشکلات کاشکارہے اوراسے ادائیگیاں نہ ہوئیں تو کئی اداروں کوتیل کی فراہمی روکنا پڑجائے گی۔ رپورٹ میں بھیجے گئے اعدادوشمارکے مطابق واپڈا نے پی ایس اوکے 82ارب 32کروڑ20لاکھ روپے جبکہ پی آئی اے نے 7ارب 10کروڑروپے دینے ہیں، حبکو 25ارب 87کروڑ90لاکھ روپے اورکے ای ایس سی 10ارب 52کروڑ80لاکھ روپے کی نادہندہ ہے۔

پاکستان ریلویزنے پاکستان اسٹیٹ آئل کے ایک ارب 14کروڑروپے، اوجی ڈی سی نے 35کروڑاوراین ایل سی نے 30کروڑ30لاکھ روپے کی ادائیگی کرنی ہے۔ صباپاورکے ذمے ایک ارب 14کروڑاوردیگراداروں سرکاری اداروں کے ذمے 10ارب سے زائد کے واجبات ہیں جن کی ادائیگی کیلئے متعلقہ اداروں کومراسلے جاری کردئیے گئے ہیں، اگر ان اداروں کی جانب سے بروقت ادائیگی نہ کی گئی تو ان اداروں کو تیل کی فراہمی روکنی پڑے گی۔
Load Next Story